(باخبر سوات ڈاٹ کام)دنیا بھر کے پشتونوں میں مقبول80سالہ فوک گلوکارہ زر سانگہ نے کہا ہے کہ انہوں نے بیس سال کی عمر سے گائیگی شروع کی۔ پہلا گانا ریڈیو پاکستان اور دوسرا پاکستان ٹیلی ویژن میں ریکارڈ کرایا تھا۔ مشرق سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مروت ہیں اور آج کل کوہاٹ میں اپنے بچوں کے ساتھ خیموں میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹینٹ بھی ایک شخص نے اپنی زمین پر لگانے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکہ سمیت درجنوں ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہیں۔ امریکہ میں بہت سارے لوگوں نے مجھے وہاں رکنے کے لئے کہا لیکن میں نے ان سے کہا کہ میں اپنے ملک کے خیموں میں خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ ان کے خاوند کا انتقال ہو چکا ہے۔ ان کے پانچ بیٹے ہیں جو اہل خانہ کے ساتھ ٹینٹوں میں رہائش پذیر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اے این پی کے دور میں حکومت کی جانب سے ماہانہ وظیفہ ملتا تھا جو ایک عرصے سے بند ہوچکا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ ان کے خاندان کے لئے گھر کا انتظام کیا جائے تاکہ عمر کا یہ آخری حصہ میں آرام سے گزار سکوں۔
Swat
