(باخبر سوات ڈاٹ کام) موسمِ سرما کے آغاز میں رضائیوں کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے، لیکن زندگی میں جدت اور نت نئی چیزوں کی آمد کے ساتھ روئی کی رضائی کی جگہ پولیسٹر نے لے لی۔ اب روئی کی رضائیاں تیارکرنے والی جگہوں کاروبار ماند پڑچکا ہے۔ روئی کی جو مشینیں باقی ہیں، وہ بھی آخری سانسیں لے رہی ہیں۔ پولیسٹر کی رضائیوں کا کام کرنے والے ایک دکاندار فیصل احمد خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ روئی کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ دوسری جانب پولیسٹر کی رضائی وزن میں کم اور ہلکی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پولیسٹر والی رضائی، روئی والی کے مقابلہ میں زیادہ گرم ہوتی ہے جس کی وجہ سے اب لوگ پولیسٹر کی رضائیاں زیادہ پسند کرتے ہیں۔ اس کی فروخت میں ہر سال اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ پولیسٹر کے ایک اور دکان دار باچا نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ پولیسٹر کی رضائیاں سنگل بیڈ اور ڈبل بیڈ دونوں کے لئے بنائی جاتی ہیں۔ گاہگ کے ڈیمانڈ کے مطابق اس میں سنگل تہہ یا ڈبل تہہ کا پولیسٹر لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روئی کے مقابلے میں پولیسٹر کی رضائی کی دھلائی آسانی سے ہوتی ہے۔ وہ خشک بھی جلدی ہوجاتی ہے۔گھر کے لئے رضائیاں خریدنے والے محمد فروش نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ پولیسٹر کی رضائیاں گرم اور ہلکی ہوتے ہیں، اس لئے اب وہ گھر کے لئے پولیسٹر کی رضائیاں خریدنے آئے ہیں۔پولیسٹر کے تاجر رحیم اللہ نے پولیسٹر کی قیمتوں کے بارے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ اس وقت اچھی کوالٹی کا پولیسٹر فی کلو 280روپے اور اس سے نیچے والی کوالٹی 250 روپے کلو دستیاب ہے۔ عام رضائی میں ڈھائی کلو پولیسٹر آتا ہے، جس کی کل قیمت سات سو روپے ہے۔ جس رضائی میں ساڑھے تین کلو پولیسٹر ڈالا جاتا ہے، اس کی قیمت 980روپے تک سنگل بیڈ کے لئے ہے۔ ڈبل بیڈ رضائی میں اس سے ڈبل پولیسٹر استعمال ہوتا ہے۔ماہِ اکتوبر میں موسم یخ ہونے کے ساتھ شادی بیاہ کا سیزن بھی شروع ہوجاتا ہے۔ دکان داروں کا کہنا کہ جہیز میں بھی اب لوگ پولیسٹر ہی کی رضائیاں خریدتے ہیں جس کی وجہ سے اکتوبر سے جنوری تک وہ زیادہ مال تیار کرتے ہیں۔ اکثر اوقات دلہن کے گھر والے ایڈوانس میں رضائیاں تیار کروانے کے لئے آرڈر دیتے ہیں۔
Swat
