(باخبرسوات ڈاٹ کام)سوات میں اس سال ٹماٹر کی فصل کوبے موسم کی بارشوں اور ژالہ باری سے نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں ٹماٹرکی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سوات میں اکتوبر اور نومبر میں تیار ہونے والی ٹماٹر کی فصل کو اس بار بارش اور ژالہ باری سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ بریکوٹ میں ٹماٹر کے ایک زمین دار عزیز الوہاب نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ایک ماہ قبل، قبل از وقت بارش اور ژالہ باری سے فصل کو اتنا نقصان پہنچا ہے کہ یہ کاشت کی قیمت بھی پورا نہیں کر پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹماٹر اس دفعہ زمین داروں کے لیے گھاٹے کا سودا ہے، لیکن زمین دار کھیت میں بھی باقی ٹماٹروں کو نہیں رکھ سکتا جس کی وجہ سے تاوان کے باوجود باقی ماندہ ٹماٹر مارکیٹ میں بھیج رہا ہے۔ کم فصل کی وجہ سے ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سوات میں پانچ ہزار ایکٹر زمین پر ٹماٹر کاشت ہوتا ہے۔ محکمہئ زراعت سوات کے ڈائریکٹر محمد ایاز خان کے مطابق اس زیرِ کاشت زمین پر ہر سال 51 ہزار میٹرک ٹن سے زائد ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ سوات میں سال میں دو بار ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ پہلی بار جون اور جولائی اور دوسری بار اکتوبر اور نومبرمیں ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ ٹماٹر کی فصل تیار ہونے کے بعد اس کوکھیت حاصل کرنے، پیٹیوں میں بند کرنے اور ملک کی مختلف منڈیوں میں پہنچانے کے لئے افرادی قوت کی ضرورت ہوتی تھی۔ اس طرح ڈھیر سارے لوگوں کو روزگار ملتا تھا لیکن اس سال ٹماٹر کی فصل خراب ہونے اور پیدوار کی کمی کی وجہ سے بہت کم لوگ کھیتوں میں کام کر رہے ہیں۔
Swat
