(باخبر سوات ڈاٹ کام) وادیِ کالام کے علاقہ اوشو میں محکمہئ جنگلات کا ریسٹ ہاؤس ”بھوت بنگلے“ کا منظر پیش کرنے لگا۔ محکمہ کی غفلت اور بے پروائی سے والیِ سوات دور میں بنائے گئے اس خوبصورت ریسٹ ہاؤس کے دروازے، کھڑکیاں اور دیگر سامان نامعلوم افراد لے گئے ہیں۔ اب اس ریسٹ ہاؤس میں دن کے وقت بھی جانے والوں کو ڈر لگتا ہے۔ ریسٹ ہاؤس جو وادیِ کالام کے خوبصورت ترین اور پُرفضا مقام پر واقع ہے، کی عمارت دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے روز بہ روز خراب ہورہی ہے۔ جستی چادر کی چھت سے بھی لوگ لوہے کی چادر لیکر جارہے ہیں۔ اکثر اوقات نشئی افراد کا یہ ریسٹ ہاؤس مسکن بنا رہتا ہے۔ اس سلسلے میں ڈویژنل فارسٹ آفیسر کالام محمد صدیق نے رابطے پر باخبر سوات ڈاٹ کام کو اس ریسٹ ہاؤس کی خستہ حالی کی تصدیق کی اور کہا کہ وقتاً فوقتاً فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے ریسٹ ہاؤس کا یہ حال ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریسٹ ہاؤس اب محکمہئ سیاحت خیبر پختون خوا کو دیا گیا ہے۔
Swat
