(باخبر سوات ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور ان کے ٹولے پر قوم دوبارہ یقین نہیں کرے گی۔ جھوٹ اور منافقت کے ریکارڈ توڑنے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائیگا۔ مہنگائی کا طوفان لا کر غریب عوام کی چمڑی ادھیڑ کر اربوں بٹو رے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے علاقہ مدین میں مسلم لیگی رہنما سوداگر بابو صاحب اور بیش بنڑ میں رکشہ حادثے میں 4 افراد کے انتقال پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انجینئر امیر مقام نے کہاکہ مہنگائی اب کسی ایک سیاسی پارٹی یا جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پوری قوم کا مسئلہ بن چکی ہے۔ پوری قوم کی اب یہی خواہش ہے کہ وہ صرف موجودہ نا اہل حکمرانوں سے جان چھڑائے۔ مسلم لیگ ن اس مشکل وقت میں ان نالائق حکمرانوں کی رخصتی تک عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ جب تک ان سے چھٹکارا حاصل نہیں ہوتا، تب تک تحریک چلائی جائے گی۔ عوام اب پرانے نواز شریف کے پاکستان کیلئے ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر نا اہل حکمرانوں سے چھٹکارا نہ پایا گیا، تو مزید مہنگائی سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہوجائیں گے۔
Swat
