(باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ شہر میں بلی جتنے وزنی چوہوں نے شہریوں کا جینا حرام کردیا۔ شہر میں ایک کلو سے پانچ کلوگرام تک ہزاروں کی تعداد میں چوہوں نے عوام کو سخت مشکلات میں مبتلا کرکے شہریوں کا بھاری جانی و مالی نقصان کر دیا ہے۔ صحت مند، تن درست اور گوریلا قسم چوہوں نے اب تک درجنوں افراد، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، کو کاٹا ہے۔ گھروں، دکانوں اور دیگر املاک کو نقصان بھی پہنچایا ہے۔ یہ گوریلا قسم چوہے دیواروں پر چڑھنے کے بھی ماہر ہیں۔ کمروں کے پردوں تک با آسانی کھا لیتے ہیں۔ روشن دانوں، کھڑکھیوں، سیوریج پائپ سمیت ہر قسم کے راستہ سے عمارتوں میں داخل ہوتے ہیں۔ سبزی منڈی کے قریب رہنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ شام کے بعد بڑے بڑے چوہے جلوس کی شکل میں گلیوں میں گھومتے ہیں اور لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے زیادہ لوگوں نے عشا کی نماز کے لئے مسجد جانا بھی چھوڑ دیا ہے۔ اس سلسلے میں ”واسا“ سوات کے منیجر آپریشن میاں شاہد علی نے رابطہ پرباخبر سوات ڈاٹ کام کی خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ ایک انسپکٹر اور ان کے ساتھ پانچ ورکروں کی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر چوہوں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہوتے ہیں۔ وہ روزانہ سو سے اڑھائی سو چوہوں کو ہلاک کرتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ گھروں میں چوہے مار ادویہ استعمال کریں تاکہ یہ باہر نکل سکیں اور ان کی ٹیم کی زد میں آسکیں۔
Swat
