(باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ شہر میں مردار اور بیمار جانوروں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ قصاب نئے قصاب خانے میں منتقل ہونے سے انکاری ہیں جس کی وجہ سے شہر کی گلیوں اور گھروں میں مویشیوں کو ذبح کیا جارہا ہے۔ سوات کی انتظامیہ قصابوں کے سامنے سرنڈر ہوچکی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پرتختہ بند میں مینگورہ کے لئے بین الاقوامی طرز کا حامل اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق مذبح خانہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور پرانے اور خستہ حال مذبح خانہ کی عمارت کو گرادیا گیا۔جس کے بعد اب تک قصاب گلی، کوچوں اور گھروں کے اندر مویشیوں کو ذبح کرتے ہیں اور چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں زیادہ تر مردار، بیمار اور کمزور جانوروں کو ذبح کیا جاتا ہے اور شہریوں کو مردار گوشت کھلایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کا مؤقف جاننے کے لئے ڈپٹی کمشنر سوات سے اُن کے دفتر اور موبائل پر رابطہ کرنے کی بار بار کوشش کی گئی، لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا۔
- کمنٹس
- فیس بک کمنٹس
