(باخبر سوات ڈاٹ کام)کنٹریکٹرایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری نے یکم جنوری سے صوبہ بھر میں سرکاری ٹینڈرز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ دو مہینے میں اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے، تو یکم مارچ سے جاری کاموں کو بند کرکے ڈی چوک اسلام آباد میں دما دم مست قلندر کی کال دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی شادی ہال میں کنٹریکٹرایسوسی ایشن ملاکنڈ ڈویژن کے زیر اہتمام منعقدہ گرینڈ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع سوات، دیرلوئر، دیر اپر، چترال، بونیر، شانگلہ، ملاکنڈ اور باجوڑ کے سیکڑوں ٹھیکیداروں سمیت پنجاب سے آئے ہوئے مرکزی راہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ ملاکنڈ ڈویژن کے صدر انجینئر اکرام اللہ، جنرل سیکرٹری عمران، ملک ریاض اور سید اشفاق نے کہا کہ ٹھیکیدار برادری کو ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ تعمیراتی میٹریل میں دو سے تین سو فیصد تک اضافہ ہوا ہے مگر صوبائی سطح پر ٹھیکیداروں کو پرانے شیڈول کے حساب سے کام دیا جاتا ہے جو کہ سراسر ظلم ہے۔
Swat
