(باخبرسوات ڈاٹ کام)سال 2021ء سوات کے لئے امن اور ترقی کا سال ثابت ہوا۔ 2006ء کے بعد پندرہ سال میں 2021ء وہ واحد سال رہا جس میں دہشت گردی کا کوئی واقع رونما نہیں ہوا۔ سال 2021ء سال 2006ء کے بعد پہلا پُرامن سال ثابت ہوا۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ایس پی سوات شاہ حسن خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ گذشتہ سال سوات کا پُرامن سال رہا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے تہیہ کر رکھا ہے کہ سوات کو مستقبل میں بھی اس طرح پُرامن رکھا جائیگا، جس میں سب سے بڑی وجہ پولیس اور عوام کے دوستانہ تعلقات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی علاقہ جرائم سے پاک نہیں ہوتا۔ سوات میں بھی جرائم ہوتے ہیں لیکن ان کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔ سیاحت کے حوالے سے بھی سال 2021ء خوش قسمت رہا۔ سوات موٹروے کے بعد سوات کی اہم سڑکوں کی تعمیر کی وجہ سے سال کے بارہ مہینے سوات میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ امسال موسمِ گرما کے مقابلے میں موسمِ سرما میں زیادہ سیاح سوات آئے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ 83 کلومیٹر سوات موٹر وے فیز ٹو چکدرہ سے مدین تک زمینوں کے سیکشن فور کا کام جاری ہے۔ رواں سال ماہِ جنوری میں وزیر اعلیٰ محمود خان اس کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ بھی سوات میں سیاحت کے فروغ کے لئے بڑے منصوبے شامل ہیں جن میں تحصیلِ بحرین کے علاقہ مانکیال میں ایک نیا سیاحتی علاقہ متعارف کرانا ہے جس کے لئے ساڑھے سات سو کنال زمین حاصل کی گئی ہے۔ یہ پاکستان میں ایک الگ طرز کا سیاحتی علاقہ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق تحصیل بریکوٹ میں سات سو کنال اراضی پر انڈسٹریل زون قائم کیا جارہا ہے۔ تعلیمی لحاظ سے بھی سوات میں اس سال ایک نیا دور شروع ہوا۔ اس سال سوات یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی اور ویٹرنری یونیورسٹیوں پر تعمیراتی کام کا آغاز کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ چند سال بعد سوات کی پہچان صرف سیاحت کے حوالے نہیں ہوگی بلکہ ہائیر ایجوکیشن کے حوالے سے بھی سوات کی الگ پہچان ہوگی۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلی بار صوبے کے وزیر اعلیٰ کا تعلق سوات سے ہے۔ سوات کے لوگوں کا دہشت گردی، سیلاب میں بہت نقصان ہوا ہے۔ اس لئے وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ وہ اس آفت زدہ ضلع کو زیادہ سے زیادہ توجہ دیں، تاکہ یہاں کے عوام اور کاروبار ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکے۔
Swat
