(باخبر سوات ڈاٹ کام) کالام میں برفیلے ٹریک پر سنو جیپ ریلی کے مقابلے مکمل ہوگئے۔ خواتین کٹیگری میں کم سن کھلاڑی 14سالہ عائشہ نے میدان مار لیا۔ شکیل برکی بھی اپنے ٹائٹل کے دفاع کرنے میں کامیا ب ہوگئے۔ وادیِ کالام کے شاہی گراؤنڈ پر سنو جیپ ریلی کا میلہ سجا۔ فرنٹیرفوربائی فور کلب کی جانب سے منعقدہ سنو جیپ ریلی کے دوران خطروں کے کھلاڑیوں نے تین کلومیٹر ٹریک پر جیپیں دوڑائیں۔ ان مقابلوں میں ملک بھر سے 3 خواتین سمیت 70 ڈرائیوروں نے حصہ لیا۔ سطحِ سمندر سے آٹھ ہزار فٹ بلندی پر برف سے ڈھکے میدان پر ڈرائیوروں نے شدید پھسلن کے باوجود بھی حوصلہ نہ ہارا۔کہیں برف کو چیرتے ہوئے اور کبھی فنشنگ لائن کی طرف گاڑیاں ڈوراتے ہوئے کم سے کم وقت میں منزل پر پہنچنے کی کوشش کرتے رہے۔ خواتین کیٹیگری میں چودہ سالہ عائشہ نے 1 منٹ 48 سیکنڈ کے فرق سے کامیابی حاصل کی جبکہ دفاعی چمپئن شکیل برکی بھی اپنے ٹائٹل کے دفاع کرنے میں کامیاب ہوکر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ مقابلوں کے اختتام پر فرنٹیر فور بائی فور کے صدر بابر یوسف زئی اور دیگر مہمانوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
Swat
