(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں پی ٹی آئی کے ایم این اے ڈاکٹر حیدرعلی کی جانب سے اپنے بھتیجے کو تحصیل چیئرمین کے امیدوارنامزدکرنے کے فیصلے پر پارٹی رہنماؤں نے شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت سے مداخلت کا مطالبہ کردیا۔ ڈاکٹر حیدرعلی نے اپنے حجرے پر من پسند افراد کو جمع کرکے پارٹی منشور اور میرٹ کی دھجیاں اڑائی ہیں جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔متوقع امیدواروں کی سٹیج پر تذلیل کرکے کارکنوں کے جذبات کو مجروح کردیا گیا ہے۔موروثی سیاست کا راستہ نہ روکا گیا، تو آزاد امیدوار سامنے لانے پر مجبور ہوں گی اور پھرشکست کے تمام تر ذمے دارایم این اے ڈاکٹر حیدرعلی پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کااظہار پی ٹی آئی تحصیل خوازہ خیلہ کے رہنماؤں اور متوقع امیدواروں سابق ناظم رفیق الرحمان، عثمان خان، حسین شاہ خان، عبدالرقیب خان، فیصل خان، انعام خان اوربلال رحمان نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف میں موروثی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد عمران خان نے واضح کیا ہے کہ مزید موروثی سیاست نہیں چلے گی۔ دوسرے مرحلے میں ٹکٹ میرٹ پر دئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کارکنوں کو ٹکٹ نہیں دیا گیا، تو پھر پارٹی کارکن آزاد امیدوار سامنے لائیں گے۔
Swat
