(باخبر سوات ڈاٹ کام) سینئر صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ ملک میں آج کل جو حالات ہیں، اس میں صحافیوں کیلئے کام کرنا مشکل ہوچکا ہے۔ لہٰذا حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے فوری اور مناسب اقدامات کرے۔ انہوں نے کراچی میں نجی نیوز چینل کے صحافی کی قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور قرارواقعی سزادینے کا مطالبہ کردیا۔ سوات پریس کلب میں موسیٰ خان خیل شہید کی تیرہویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لہر میں موسیٰ خان خیل کی شہادت اس میدان میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کیلئے مشعلِ راہ ہے۔ سوات کے صحافیوں نے بدترین حالات کا مقابلہ جوانمردی سے کیا اور اسی کا نتیجہ ہے کہ آج سوات میں مثالی امن قائم ہے۔ برسی تقریب میں سوات پریس کلب کے صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے نیاز احمد خان، شیرین زادہ، فیاض ظفر، موسیٰ خان خیل کے بھائی عیسیٰ خان خیل نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہید موسیٰ خان کی شہادت پر ان کے خاندان سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
Swat
