(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت کی زیرِ صدارت ڈی پی اُو آفس سیدو شریف میں بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے تحصیل اُمیدواروں کے ساتھ الیکشن کے ضابطہئ اخلاق سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے نام زد اور آزاد اُمیداروں سمیت ضلعی پولیس کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ زاہد نواز مروت نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے ہیں، تاکہ امیدوار اور ووٹرز اپنا آئینی حق اور ذمہ داری بہتر ماحول میں سرانجام دیں۔ اجلاس سے خطاب میں ڈی پی اُو کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران اور پولنگ ڈے پر کسی بھی قسم کے ہتھیار، اسلحہ آتشین کی نمائش، آتش بازی کی اجازت نہیں ہوگی اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ تمام پارٹی امیدوار اور کارکنان اپنے سپورٹرز کو ہدایات دیں کہ وہ الیکشن ضابطہئ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
Swat
