(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں عید الفطر کے پہلے روز سے لاکھوں کی تعداد میں سیاح سوات آئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق عید کے تین دنوں میں تین لاکھ سے زائد سیاح سوات میں داخل ہوئے اور یہ سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ صوبائی حکومت کے عید کے اعلان کے ساتھ صوبے کے مختلف علاقوں سے سیاحوں کی سوات آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وفاقی حکومت کے عید کے اعلان کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا جو جمعرات تک جاری رہا۔فضاگٹ، مرغزار، ملم جبہ، گبین جبہ، میاندم، مدین، بحرین، کالام، اتروڑ، مٹلتان، مہو ڈنڈ، شاہی باغ اور دوسرے سیاحتی علاقوں میں سیاحوں کا غیر معمولی رش رہا۔ مختلف مقامات پر لوگوں نے سیاحوں میں جوس اور پانی کی بوتلیں تقسیم کیں۔ انتظامیہ کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں ٹریفک اور عام پولیس اہلکار چوبیس گھنٹے ٹریفک رواں رکھنے اور سیاحوں کی حفاظت پر مامور رہے۔ ریسکیو 1122کے ڈسٹرکٹ آفیسر شیر دل خان کے مطابق تمام مقامات پر ریسکیو 1122کے اہلکار سیاحوں کی فرسٹ ایڈ اور ہر قسم کی مدد کے لئے تیار ہے۔
Swat
