(باخبر سوات ڈاٹ کام) یوکرائن کے میڈیکل کالجوں میں جنگ سے پہلے زیرِ تعلیم خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے سوات میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے خطا ب کرتے ہوئے یوکرین میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے منصور عالم خان، عمیر اقبال، امین الرحمان اور دیگر نے کہا کہ ہم میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے یوکرین گئے تھے، جہاں پر حالات خراب ہونے کے باعث ہماری تعلیم متاثر ہوئی اور ہم اپنی مدد آپ کے تحت پولینڈ کی سرحدپہنچ گئے۔ وہاں سے پاکستان چلے آئے۔ یہاں آکر کالجوں کے چکر لگاتے رہے لیکن کہیں پر بھی اب ہمیں داخلہ نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ دوسرے ممالک کے طلبہ بھی وہاں زیرِ تعلیم تھے جن کو اپنے اپنے ملکوں میں داخلے ملے ہیں اور وہ اپنی تعلیم حاصل کررہے ہیں، لیکن بد قسمتی سے ہمیں پاکستان میں خصوصاً سوات میں کہیں پر بھی داخلہ نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف، وزیرِ تعلیم اور دیگر اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں کسی بھی میڈیکل کالج میں داخلے دلوا دیں۔تاکہ ہمارا مستقبل تاریک ہونے سے بچ سکے۔
Swat
