(باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا، انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سیاست اور حکومت کرنے نہیں بلکہ ملک بچانے آئے ہیں۔ شہباز شریف اگر حکومت نہ سنبھالتے تو آج ملک بلیک لسٹ ہو چکا ہوتا۔ مشیر کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا احسان ہے کہ ملک گرے سے وائٹ لسٹ میں شامل ہوگیا۔ مہنگائی اور اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا پورا پورا احساس ہے مگر یہ عمران نیازی کے معاہدوں کے نتیجے میں ہو رہا ہے۔ اللہ تعالی پر بھروسہ ہے جس طرح ملک کو گرے اور بلیک لسٹ سے نکال دیا، اسی طرح دوسری مشکلات پر بھی شہباز شریف کی قیادت میں قابو پالیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کا کام منصوبوں کو مکمل کرنا ہے نہ کہ بند کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اگر ن لیگ کی حکومت ختم نہ ہوتی تو چکدرہ کالام اور خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس ویز سے علاقے میں انقلاب آنا تھا۔ مگر ان ظالموں نے یہ منصوبے ختم کرا دئیے اور بحرین سے کالام روڈ پر سیاسی انتقام کی خاطر 4 سال کام بند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اب اللہ کا احسان ہے کہ کام شروع کر دیا گیا ہے۔ راحت کوٹ، سخرہ، بحرین فیڈرز کا 2018ء میں اعلان کیا تھا۔ 4 سال کام بند رہنے کے بعد آج کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخرہ، راحت کوٹ، اشاڑے، درشخیلہ، میاندم اور فتح پور یونین کونسلوں کیلئے نادرا دفتر کا اعلان بھی کیا۔
Swat
