(باخبر سوات ڈاٹ کام)ملاکنڈ ڈویژن کے 9 اضلاع کی تاجر برادری نے لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کے خلاف ڈویژن کی سطح پر5 جولائی کو شٹرڈاؤن کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام نو اضلاع کے تاجروں کا اجلاس مینگورہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر حاجی عبدالرحیم، دیر کے صدر انورالدین، ملاکنڈ کے صدر زاور خان، شانگلہ کے صدر سید نظر، بونیر کے صدر فضل ربی خان، ملاکنڈ کے جنرل سیکرٹری سلطان یوسف اور دیگر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روز گاری اور طویل لوڈشیڈنگ برداشت سے باہر ہوگئی ہے۔ عوام کو قدم قدم پر مختلف مسائل اور امشکلات کا سامنا ہے، مگر حکومت تماشا دیکھ رہی ہے۔کسی کو عوام کے حال پر ترس آتا ہے اور نہ کوئی انہیں توجہ دینے کی زحمت تک گوارہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملاکنڈ ڈویژن سمیت ملک بھر میں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ بے روزگاری اور روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ اب ہمارے پاس صرف ایک ہی راستہ بچا ہے اور وہ ہے احتجاج۔ منگل کو ہونے والا شٹر ڈاؤن اس کی ایک کڑی ہے۔ اس دن مکمل شٹر ڈاؤن رہے گا، تاہم میڈیکل سٹورزاور ہوٹلز اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
Swat
