(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں بجلی بلوں میں بھاری ٹیکسوں کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے جمع ہوکر احتجاج کیا۔ مظاہرین سے خطاب میں رستم خان چیئرمین، برکت چیئر مین، ڈاکٹر خالد محمود، عرفان، نثار اور دیگر نے کہا کہ سوات ایک فری ٹیکس زون علاقہ ہے، یہاں پر ٹیکس لاگو کرنا غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام 100فیصد بل جمع کرتے ہیں۔ کوئی بھی بجلی کی مد میں کوئی غیر قانونی حربہ استعمال نہیں کرتا، لیکن حکومت کی جانب سے بجلی بلوں میں جو ٹیکس لگائے گئے ہیں، وہ برداشت سے باہر ہیں۔ اس حوالے سے حکومت نے اعلان کیا تھا کہ بجلی کے بلوں سے ہر قسم کے ٹیکسوں کا خاتمہ کریں گے، لیکن اس کے باوجود بجلی کے بلوں میں جنرل سیلز ٹیکس، ای وِد ہولڈنگ ٹیکس، کوارٹر ٹریف ٹیکس اور فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ ٹیکس کی شکل میں بلوں میں موجود ہیں جو عوام سے وصول کیے جارہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بجلی کے بلوں سے ٹیکسوں کا خاتمہ نہیں کیا گیا، توہم سوات کی مساجد، مدارس اور گاؤں گاؤں اس کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے اعلانات کریں گے۔ سوات بھر کے عوام کو سڑکوں پر نکالیں گے، جس میں کسی قسم کا بھی نقصان ہوا، تو اس کی ذمے داری موجودہ حکومت اور اعلیٰ حکام پر ہوگی۔
Swat
