(باخبر سوات ڈاٹ کام) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ریجن سجاد خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں امن و امان کو بحال رکھنا ان کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں پولیس فورس اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ بحیثیت ریاستی ادارہ پولیس کے ترجیحی فرائض میں شامل ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے دن رات کوشش کی جائے گی۔ امن و امان کے قیام اور عوام کی اعتماد سازی میں صحافتی برادری کا ایک اہم کردار ہے اور ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت سے میڈیا کو غلط خبروں کی تشہیر کا تدارک کر کے حقائق پر مبنی اطلاعات اور مثبت خبروں کے ذریعے معاشرے کی اصلاح کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر سیدو شریف سوات میں سوات پریس کلب کابینہ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے سوات پریس کلب کے چیئرمین سعید الرحمان کی قیادت میں ریجنل پولیس آفیسر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صحافتی وفد نے نو تعینات ریجنل پولیس آفیسر کو ملاکنڈ میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے ساتھ متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ریجنل پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں اور خصوصی طور پر محکمہ پولیس کو علاقہ میں امن و امان کے قیام، سماجی برائیوں کے خاتمے اور بہتر پولیسنگ کے سلسلے میں صحافتی برادری کا تعاون درکار ہے۔
Swat
