(باخبر سوات ڈاٹ کام) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختون خوا اختر حیات گنڈا پور نے کہا ہے کہ کبل پولیس لائن کے اندر تھانہ سی ٹی ڈی میں ہونے والا واقعہ دہشت گردانہ نہیں ہے۔ دھماکہ تھانہ کے مال خانہ میں موجود بارود پھٹنے سے ہوا۔ پولیس لائن کبل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور گیٹ ریکارڈ کے مطابق کوئی اس وقت کوئی غیر شخص پولیس لائن میں داخل نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مال خانے میں موجود بارودی سامان میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے متعدد دھماکے ہوئے جس میں 17 افراد شہید اور53 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے سے تھانہ سی ٹی ڈی اور قریبی مسجد کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کمیٹی بنائی گئی ہے جو اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں دہشت گردوں نے سر اٹھایا ہے، لیکن ہر جگہ پولیس دہشت گردوں کا جذبہئ ایمانی اور حب الوطنی سے مقابلہ کر رہے ہیں اور پولیس جلد امن قائم کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
