Swat

اہلِ سوات پر ترس آتا ہے کہ فریبی عمران خان کے جال میں پھنس گئے، نواز شریف

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سابق وزیر اعظم اورن لیگ کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختون کے غیور عوام نے ایک جھوٹے شخص کو پہلے اپنے صوبے پر مسلط کیا، جس کے بعد پنجاب اور پاکستان پر مسلط ہوکر اس شخص نے ملک کو تباہ و برباد کیا۔ گراسی فٹ بال سٹیڈیم مینگورہ میں بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ لوگ ایک ایسے شخص کے جال میں پھنس گئے، جس نے آپ سے ایک کروڑ نوکریوں اور لاکھوں گھروں کا وعدہ کیا تھا۔ آپ لوگوں پر ترس آتا ہے کہ اپ ایسے شخص کے جال میں پھنس گئے۔ کیا کسی کو ایک گھر یا نوکری ملی، مجھے جواب نفی میں ملے گا۔ اس شخص نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے تھے۔ خیبرپختون خوا کے لوگ بہت سادہ اور پیار کرنے والے ہیں، لیکن آپ نے اُس پیار کرنے والے لوگوں کو بھی دھوکا دیا۔ ون بلین ٹری کے نام پر اس صوبے کے عوام کو دھوکا دیا۔ وہ درخت کہاں ہیں، یہاں کے پہاڑ تو اب بھی لجنگلات سے صاف ہیں۔ یہ بندہ خیبرپختون خوا سے پنجاب اور سندھ پہنچنا چاہتا تھا۔ اس شخص نے ملک اور عوام کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ میرے زمانے میں دس روپے کلو سبزی ملا کرتی تھی، اب دو سو روپے کلو ہے۔دس سال اس کی اس صوبے میں حکومت رہی،اگر یہ دس سال ہمیں آپ دیتے، تو آج خیبر پختونخوا،پاکستان کا سب سے خوبصورت صوبہ ہوتا۔ اگر میری حکومت نہ گرائی جاتی، تو آج آپ میں سے کوئی شخص بے روزگار اور بے گھر نہ ہوتا۔ آج یہ مہنگائی نہ ہوتی، آج بجلی اور گیس اتنی مہنگی نہ ہوتی۔ آپ جال میں پھنس کر نئے پاکستان کی تلاش میں پرانے پاکستان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔ وہ تین سو ڈیم کہاں ہیں، ایک ڈیم دکھا دیں۔ نواز شریف نے تو لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا، اس کے باوجود آپ ایسے شخص کے جال میں پھنس گئے جس نے آج آپ کا یہ حال کیا ہے۔ میں نے کبھی اپنے عوام سے جھوٹ نہیں بولا، ہمیشہ سچ بولا۔ یہاں تو دن رات جھوٹ بولا جاتا تھا۔ اس صوبے کے عوام خود بھی اس جال میں پھنس گئے اور پورے ملک کو بھی پھنسوا دیا۔ اگر اس دفعہ آپ ہمیں خدمت کا موقع دیں گے، تو خیبر پختون خوا کا نقشہ بدل دیں گے۔ چالیس سال سے لواری ٹنل نہیں بن رہا تھا، ہم نے آکر بنا دیا۔ اس کے باوجود کہ اس صوبے میں ہماری حکومت نہیں تھی۔ میں نے بہت غم دیکھے ہیں، لیکن قوم کے غم نہیں دیکھ سکتا۔ میں آج اس لئے آیا ہوں، تاکہ آپ کو یاد دلا سکوں کہ آئندہ خیبر پختون خوا کے لوگ پھر اس شخص کی جال میں نہ پھنسیں۔ جلسہ سے ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں