(باخبر سوات ڈاٹ کام) آل درجہ چہارم ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا اور ریلی نکالی۔ ریلی ودودیہ ہال سے شروع ہوئی اور مکان باغ تک گئی جہاں مظاہرین سے اپنے خطاب میں آل درجہ چہار م ملازمین کے صدر سید خطاب، آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن سوات کے صدر علی رحمان، ڈبلیو ایس ایس سی ملازمین کے صدر عمر رزاق، آل درجہ چہار م ملازمین کے جنرل سیکرٹری نیک محمد، اکرام اللہ اکرام اور دیگر نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی اور بے روز گاری کی وجہ سے سرکاری ملازمین کا زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے، لیکن حکومت کی جانب سرکاری ملازمین کے لئے سہولیات کی فراہمی کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خور و نوش، بجلی، گیس اور گھر وں کے کرایوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، جبکہ بدلے میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہیں ہورہا جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین خاص کر نچلا طبقہ متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں موجودہ مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔
