Swat

یوٹیلیٹی اسٹور کے ملازمین کئی سالوں سے تنخواہوں میں اضافے سے محروم

(باخبر سوات ڈاٹ کام)یوٹیلیٹی اسٹورز کے 14 ہزار سے زائد ملازمین گذشتہ 4 سالوں سے حکومتی اعلان کے باوجود تنخواہوں میں اضافے سے محروم ہیں۔ اس کے باعث مہنگائی کے مارے غریب ملازمین کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے اور وہ شدید معاشی بدحالی کاشکار ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹور کے ملازمین کی تنخواہوں میں دیگر اداروں کی ملازمین کی طرح تنخواہوں میں اضافہ نہ کیاگیا، تو ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرکے ہڑتال کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان نیشنل ورکرز یونین سوات ریجن کے صدر بخت علی شاہ سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں 9000 کے قریب یوٹیلٹی اسٹوروں میں 14000 ملازمین ہیں۔ حکومت کی جانب سے ہر سال ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے، لیکن یوٹیلٹی اسٹورکے ملازمین 2021ء سے 2024ء تک اس اضافے سے محروم ہیں۔ جس کی وجہ سے ملازمین اس وقت بھی پرانی تنخواہ پر کام کرنے پر مجبورہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور معاشی بدحالی نے یوٹیلیٹی اسٹور کے ملازمین کو پریشان کردیاہے۔ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور کے گریڈ 1 سے 16 تک کے غریب ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد تک کا اضافہ کیا جائے۔ کیونکہ حکومت کی جانب سے دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 2021ء میں 15 فیصد، 2022ء میں 25 فیصد،2023ء میں 35 فیصد اور2024ء میں 25 فیصد اضافہ کردیا ہے لیکن یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین اس اضافے سے تاحال محروم ہیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں