(باخبر سوات ڈاٹ کام)محکمہ سوشل ویلفیئر کے پناہ گاہوں کے ملازمین 18 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ اب فیس نہ دینے کی وجہ سے ان ملازمین کے بچوں کو سکولوں سے نکالا جا رہا ہے۔ ان ملازمین کو بھرتی کے بعد باقاعدگی سے تنخواہ ملتی تھی، لیکن یکم جولائی 2023ء سے سوات، پشاور، ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، چارسدہ اور مردان کی پناہ گاہوں کے ملازمین کو تنخواہ نہیں ملی۔ ان ملازمین کا کہنا ہے کہ 18 ماہ سے وہ تنخواہ سے محروم ہیں۔ اب ان کو کوئی قرض رقم دیتا ہے اور نہ ادھار، جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقے شروع ہوگئے ہیں۔ فیس ادا نہ کرسکنے کی وجہ سے ان کے بچوں کو سکولوں سے بھی نکالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگے رمضان کا مہینہ آنے والا ہے۔ ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ، محکمے کے وزیر اور سیکرٹری سے اپیل کی ہے کہ ان کو تنخواہیں دی جائیں۔
