(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈیڈک چیئرمین سوات اختر خان ایڈوکیٹ نے ضلع سوات میں جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومتی عزم کو دُہراتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت سوات میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سوات کے عوام کو درپیش مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات گھر کی دہلیز پر فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات کے پروگرام ”حال احوال“ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کے میزبان فضل خالق خان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ڈیڈک چیئرمین سوات اختر خان ایڈوکیٹ نے اپنے انٹرویو میں اس بات پر زور دیا کہ صو با ئی حکومت سوات کے تمام علاقوں کی ترقی کو یکساں اہمیت دے رہی ہے۔
