Swat

اب کی بار دہشت گردوں کا پولیس کے شانہ بشانہ مسلح مقابلہ کریں گے، لویہ جرگہ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کے لویہ جرگہ نے واضح کیا ہے کہ اگر دہشت گردوں نے دوبارہ سوات آنے کی کوشش کی تو اس بار مساجد میں اعلانات کرکے مسلح عوام دہشت گردوں کے خلاف نکل کر پولیس کے ساتھ مل کر ان کا مقابلہ کریں گے۔ کمشنر کے جرگہ ہال میں معنقدہ جرگہ میں صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی، ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمن، چیئرمین ڈیڈک اختر خان ایڈوکیٹ، اراکین صوبائی اسمبلی علی شاہ خان ایڈوکیٹ، سلطان روم خان، محمد نعیم خان، سٹی میئر شاہد علی خان، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر، آر پی او شیر اکبر، ڈپٹی کمشنر سلیم جان، ڈی پی او محمد عمر خان، سوات قامی جرگہ کے مشران، تمام سیاسی جماعتوں کے ضلعی صدور اور علاقہ مشران نے شرکت کی۔ جرگہ سے اپنے خطاب میں علاقہ مشران نے کہا کہ یہ 2007ء نہیں 2025ء ہے۔ اب سوات کے لوگ بیدار ہوچکے ہیں اور اگر اس دفعہ دہشت گردوں نے سوات آنے کی کوشش کی تو عوام ان کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ جہاں امن ہوتا ہے وہاں ترقی ہوتی ہے۔ ہم نے صوبے میں پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کیا ہے اور مزید بھی کر رہے ہیں۔ آر پی او ملاکنڈ ڈویژن نے کہا کہ سوات میں اس وقت پولیس کی تعداد سات ہزار سے زائد ہے اور پولیس ہر قسم کے جدید اسلحہ سے لیس ہے۔ کمشنر عابد وزیر نے کہا کہ سوات کے عوام تعلیم یافتہ اور نفیس لوگ ہیں۔ امن کے لئے سوات کے غیور عوام نے جو تاریخی مارچ کیا تھا اس کو سنہرے الفاظ میں لکھا جائیگا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں