(باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ شہر سیلاب زدگان کو پانچ ماہ بعد بھی امدادی رقم نہ مل سکی۔ پندرہ اگست 2025ء کو مینگورہ شہر میں بدترین سیلاب آیا تھا، جس نے ہزاروں گھروں اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ گھروں میں نو فٹ تک ریت اور مٹی بھر گئی تھی۔ ہر گھر والے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا تھا۔ اس طرح مختلف علاقوں میں دکانوں کو بھی نقصان پہنچا تھا، خاص کر مینگورہ میں خواتین کی خریداری کے لئے مشہور “چینہ مارکیٹ‘‘ کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ چینہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر روشن علی اور جنرل سیکٹری عدالت خان نے بتایا کہ چینہ مارکیٹ میں 6 ہزار سے زائد دکانیں ہیں۔ ان کے ساتھ حکومت نے امدادی رقم دینے کا وعدہ کیاتھا لیکن ابھی تک ان کو رقم نہیں دی گئی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سوات کے پی ایس عثمان علی نے رابطہ پر بتایا کہ انہوں نے تمام سیلاب زدگان کی لسٹیں تیار کرکے صوبائی حکومت کو ارسال کی ہیں۔
