(باخبر سوات ڈاٹ کام) سانحہ سیدو شریف، جس میں ایک فریق سے ممتاز شاعر، ادیب، قام پرست رہنما عطاء اللہ جان ایڈوکیٹ اور دوسرے فریق سے حاجی فضل خالق شہید ہوئے تھے، قومی تڑون جرگہ بابوزئی کی کوششوں سے دونوں خاندانوں کے درمیان راضی نامہ ہوگیا۔ راضی نامہ کی تقریب ودودیہ ہال سیدو شریف میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، صوبائی وزیر ریاض خان، اراکین صوبائی اسمبلی رشاد خان، عبدالمنعم، فضل حکیم خان یوسفزئی، تحصیل چیئرمین الپورئی وقار احمد خان، سابق صوبائی وزیر قاری محمود، سابق سنیٹر راحت حسن، تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، مختلف جرگوں اور تنظیموں کے نمائندوں قومی تڑون جرگہ کے ارکان اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ راضی نامہ کے دوران جرگہ نے دونوں خاندانوں کو بغل گیر کیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کو فی سبیل اللہ معاف کیا۔راضی نامہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ ہم پختون قوم معمولی باتوں پر ایک دوسرے کو قتل کرتے ہیں۔ اس وقت ہمیں محبت اور بھائی چارے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے آپ میں برداشت کا مادہ پیدا کرنا ہوگا، تاکہ پختونوں کا خون مزید بہنے سے بچ جائے۔ انہوں نے قومی تڑون جرگے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے واقعات کے دو ماہ کے اندر راضی نامہ کروایا۔
