Swat

ملاکنڈ ڈویژن میں گردوں کے مریضوں کی تعداد 75 ہزار سے زائد ہے، غلام رحمانی

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام)  دنیا بھر میں 80 کروڑ افراد اور پاکستان میں 2 کروڑ افراد گردوں کے مرض میں مبتلا ہیں۔ پاکستان میں ہر سال 20 ہزار افراد گردوں کے امراض سے جاں بحق ہو جاتے ہیں۔ عالمی سطح پر گردوں کے مرض میں سب سے زیادہ مریضوں کی تعداد بارے پاکستان 8ویں نمبر پر ہے۔ عالمی یوم گردہ کے موقع پر نوازشریف کڈنی ہسپتال میں سمینار کا انعقاد کیا گیا، جس سے اپنے خطاب میں ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر غلام رحمانی اور دیگر مقررین نے کہا کہ گردوں کے امراض سے بچاؤ کا واحد حل احتیاط ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن میں اس وقت گردوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 75 ہزار سے زائد ہے۔ مقررین نے کہا کہ گردوں کے مرض سے بچاو کے لئے پیشاب کو نہیں روکنا چاہیے۔ بہت زیادہ ایک جگہ بیٹھنے سے بھی گردوں کے امراض لاحق ہو سکتے ہیں۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ نیند پوری کریں۔ گیسی مشروبات سافٹ ڈرنک کو استعمال نہ کریں۔ انرجی ڈرنکس سے پر ہیز کریں۔ چینی اور نمک کا استعمال کم کریں۔ جنک فوڈ کا استعمال نہ کریں۔ اپنے بلڈ پریشر کو کنٹرولڈ رکھیں۔ تمباکو نوشی سے پر ہیز کریں۔ پانی مناسب مقدار میں استعمال کریں۔ درد کش ادویات کا زیادہ استعمال نہ کریں اور جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے کے ساتھ باقاعدگی سے ورزش کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں