Swat

مقتول شکیل احمد خان بارے ٹارگٹ کلنگ کا انکشاف

سوات(باخبر سوات ڈاٹ کام )  امریکہ کے شہر نیویارک میں قتل کئے گئے اے این پی کے رہنما اور ایم پی اے وقار خان کے بھتیجے شکیل احمد خان کے قتل کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کو ڈکیتی کے دوران نہیں بلکہ ٹارگٹ کلنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ نیویارک میں قریبی خاندانی ذرائع کے مطابق شکیل احمد خان اپنے ساتھی کے ساتھ ریسٹورنٹ جارہا تھا کہ وہاں پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنی گاڑی کار پارکنگ میں کھڑی کی۔ جیسے ہی دونوں ساتھ گاڑی سے اترے، تو اس وقت ایک نقاب پوش وہاں کھڑا تھا۔ اس نے شکیل احمد خان کو دیکھتے ہی اس پر فائرنگ کی اور فرار ہوگیا۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ شکیل احمد خان کو ڈکیتی کے دوران نہیں بلکہ پہچان کر ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا۔ واضح رہے کہ 2008ء میں دہشت گردوں نے ان کے والد، دو بھائیوں اور پانچ ملازمین سمیت قتل کرکے ان کے گھر اور تاریخی حجرے کو نذر آتش کیا تھا جس کے بعد شکیل احمد خان امریکہ منتقل ہوئے تھے۔ اے این پی سوات کے رہنما اورایم پی اے وقار خان کے بھتیجے شکیل احمد خان کی نماز جناہ آج جمعرات کو بعد از نماز عصر کیتیاڑ سپورٹس کمپلکس شاہ ڈھیرئی تحصیل کبل میں ادا کی جائے گی ۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کا جسد خاکی صبح سات بجے اسلام آباد ائیر پورٹ پر غیر ملکی پرواز کے ذریعے پہنچا یا جائے گا، جس کے بعد ان کو آبائی علاقہ منتقل کیا جائیگا۔ نماز جنازہ کے بعد ان کو والد اور بھائیوں کے پہلو میں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائیگا۔ نیویارک میں ٹارگٹ کلنگ کے دوران قتل ہونے والے شکیل احمد خان کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جناز گاہ اور قبرستان میں وردی اور سادہ لباس میں بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائیگا۔شاہ ڈھیرئی جانے والی راستوں پر بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائیگا۔ جناز گاہ میں داخل ہونے والے افراد کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد جانے کی اجازت دی جائیگی۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں