Swat

مٹلتان، گھر پر پہاڑی تودہ آگرا، چھے افراد جاں بحق، ایک زخمی

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام)  سوات کی وادی کالام کے علاقہ مٹلتان کے گاؤں باٹن میں ایک گھر پر پہاڑی تودہ گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت چھے افراد جاں بحق اور گھر کا مالک شدید زخمی ہوگیا۔ گذشتہ شب جب بخت روان اور ان کے خاندان کے افراد گھر میں محو خواب تھے، تو ایک پہاڑی تودہ ان کے گھر پر آگرا جس کے نتیجے میں گھر کے تمام افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبہ سے بخت روان کی اہلیہ36 سالہ مسماۃ روبینہ، ان کی بیٹیاں ڈیڑھ سالہ ذکیہ، 4 سالہ گل مینہ 2 سالہ طاہرہ اور بیٹے 3 سالہ محمد نعمت اور 15 سالہ مریم بی بی دختر شیر زادہ کی لاشیں اور گھر کے مالک بخت روان کو زخمی حالت میں نکال کر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا۔ مٹلتان کے علاقہ باٹن میں ایک ہی خاندان6افراد کے جاں بحق ہونے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ آس پاس کے علاقوں کے لوگ بھی متاثرہ گاؤں پہنچ گئے۔ اس موقع پر ہر شخص اشکبار تھا۔ بعد میں ماں اور بہن بھائیوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد ان کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں