Swat

سوات، حادثات میں اضافہ، انتظامیہ نے انگڑائی لے لی

سوات  (باخبر سوات ڈاٹ کام)  ملاکنڈ ڈویژن کی انتظامیہ نے مختلف اضلاع میں شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے پیش نظر موٹر سائیکل ہیلمٹ کے استعمال سمیت ٹریفک قواعد پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے، نیز غیر رجسٹرڈ اور ٹمپرڈ گاڑیوں کی برآمدگی کے بعد فوری طور پر بحق سرکار ضبط کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جنہیں حادثات کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 20جولائی سے پورے ضلع سوات میں تمام خلاف قانون موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی اور اس مقصد کے لیے جامع مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں متعلقہ تمام اداروں کی باہمی معاونت سے مشنری جذبے کے ساتھ دن رات کام کرکے مہم کو کامیاب بنانے کا ٹاسک حوالے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سوات میں دوسرے اضلاع کی نسبت زیادہ ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ اس مہم کو مطلوبہ نتائج اور اہداف کے حصول تک جاری رکھنے اور بعد ازاں دیگر اضلاع کو توسیع دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انتظامی افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکا نے واضح کیا کہ ٹریفک حادثات میں اضافہ باعثِ تشویش ہے، جس کا وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی سخت نوٹس لیا ہے اور اس کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں