Swat

سوات، تھائی بدھ راہب نے عجائب گھر میں امن کی گھنٹی نصب کردی

(باخبر سوات ڈاٹ کام)دنیا بھر میں بدھ مت ماننے والے لاکھوں پیروکار رکھنے والے تھائی بدھ راہب آرایا وانگسو نے سوات میوزیم میں ”امن کی گھنٹی“ بجا کر اس کا افتتاح کیا۔ آرایاوانگسو اپنے پچیس شاگردوں اور تھائی لینڈ کے بدھ پیروکاروں کے ساتھ ان دنوں پاکستان کے بدھ مت اور گندھار ا تہذیب کے مقدس مقامات کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے سوات اور پاکستان میں امن اور خوشحالی کے لئے ”امن کی گھنٹی“ نصب کی اور یہاں کے لوگوں کے لئے دعا مانگی۔ اس موقع پر وفد نے تھائی لینڈ کے بادشاہ راما دس کی سترویں سالگرہ بھی منائی۔ دونوں ممالک کی پائیدار دوستی اور خوشحالی کی دعا کی۔ آرایاوانگسونے کہا کہ انہیں سوات آنے اور امن گھنٹی لگانے کی دعوت مرحوم شہزادہ میاں گل عدنان اورنگزیب نے دی تھی۔ اسلام آباد میں تھائی لینڈ کے سفارت خانے کے ڈیفنس اتاشی کرنل ادیساک شوی چن نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور تھائی لینڈ حکومت کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن اور دوستی کا رشتہ قائم رہے گا۔ اس موقع پر ریاست سوات کے شاہی خاندان کے افراد بہ شمول مرحوم شہزادہ میاں گل عدنان اورنگزیب کی بیوہ بھی موجود تھیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں