(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کے دورافتادہ پہاڑی علاقہ گٹ بر چینوت میں گرلز پرائمری سکول آثارِ قدیمہ کے کھنڈرات میں تبدیل، استانیوں کیلئے رہائش کا کوئی انتظام نہیں،چوکیدار کی رہائش گاہ میں رہائش پذیر استانی کو گھر سے بے دخل کردیا گیا، محکمہ ایجوکیشن نے مسئلہ حل کرنے کے بجائے اُلٹا استانی کی تین ماہ کی تنخواہ بند کردی استانی کے شوہرساجد سکنہ جہان آباد نے میڈیا سے فریاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری بیوی جو گذشتہ 8سال سے برچینوت کے سکول میں تعینات ہے، سکول کے چوکیدار کی رہائش گاہ میں اکیلی رہائش پذیر تھی، لیکن اب چوکیدار نے جگہ کی کمی کی وجہ سے اُسے گھر سے نکال دیا ہے۔ اب وہاں پر رہائش کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ میں نے محکمہ ایجوکیشن سمیت تمام متعلقہ محکموں کو آگاہ کیا تھا کہ میری بیوی کیلئے رہائش کا کوئی بندوبست نہیں، لیکن اس کے باوجود محکمہ ایجوکیشن نے میری بیوی کی تین ماہ کی تنخواہ بند کردی۔ سفارش پر دوسرے سکول کی استانی کو صرف ایک سال میں تبادلہ کردیا ہے، لیکن میری بیوی کا تبادلہ گذشتہ 8سال سے نہیں کیا جارہا۔ اس حوالے سے جب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فی میل) شمیم اختر سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ہمارے خلاف کارروائی کیلئے درخواستیں دی ہیں۔اگر یہ ڈیوٹی نہیں کرینگے، توہم ان کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی کرینگے۔