محترم ثواب خان صاحب ایک ایسی شخصیت ہیں، جنھوں نے خیبرپختونخوا کے تعلیمی میدان میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ خصوصاً پرائیویٹ اسکولوں کی بقا اور ترقی کے لیے اُن کی کوششیں ناقابلِ فراموش ہیں۔ دو مرتبہ پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (PSMA) کے صدر منتخب ہونے کے دوران میں اُنھوں نے انتہائی مشکل اور چیلنجنگ حالات میں پرائیویٹ اسکولوں کے حق میں نہ صرف آواز اُٹھائی، بل کہ عملی طور پر بھی ان اسکولوں کو مشکلات سے نکالنے کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔
جب 2014ء میں آرمی پبلک اسکول پشاور پر دردناک حملہ ہوا، تو پورے خیبرپختونخوا میں تمام اسکولوں کو حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے بند کر دیا گیا۔ اُس وقت ملک بھر میں خوف و ہراس کی فضا قائم تھی اور والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے بارے میں فکر مند تھے۔ اُس نازک وقت میں ثواب خان صاحب نے بے مثال قیادت کا مظاہرہ کیا۔ اُنھوں نے سوات کے تمام اسکولوں کی بہ حالی اور دوبارہ کھولنے کے لیے مسلسل کوشش کی، حکومتی حکام سے مذاکرات کیے اور تمام لازمی حفاظتی انتظامات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کی۔ اُن کی اَن تھک محنت اور عزم کی بہ دولت سوات کے اسکول جلد دوبارہ کھل گئے اور تعلیمی سرگرمیاں بہ حال ہوگئیں۔
سیلاب جیسی قدرتی آفات کے دوران میں بھی ثواب خان صاحب کا کردار نمایاں رہا۔ جب سوات میں سیلاب نے تباہی مچائی اور کئی اسکول پانی کی نذر ہوگئے، تو ثواب خان صاحب نے ان اسکولوں کی بہ حالی کے لیے بھرپور محنت کی۔ اُنھوں نے چندے جمع کیے، مختلف تعلیمی اداروں سے رابطے کیے اور سیلاب زدہ علاقوں میں تعلیمی نظام کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کیں۔
ثواب خان صاحب کی خدمات صرف اسکولون کی بہ حالی تک محدود نہیں، بل کہ اُنھوں نے پورے خیبر پختونخوا میں ’’پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک‘‘ (PEN) کے ایگزیکٹو کونسل ممبر کی حیثیت سے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی راہ نمائی میں کئی تعلیمی اصلاحات متعارف کرائی گئیں اور پرائیویٹ اسکولوں کو حکومتی دباو اور چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بنایا گیا۔
ثواب خان صاحب کا نام سوات کے تعلیمی حلقوں میں عزت و احترام سے لیا جاتا ہے۔ اُن کی کاوشیں اور اَن تھک محنت نوجوان نسل کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے ایک تحریک کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اُن کی قیادت میں پرائیویٹ اسکولوں نے نہ صرف مشکلات کا مقابلہ کیا، بل کہ ترقی کی نئی راہیں بھی ہم وار کیں۔
ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالا ثواب خان صاحب کو صحت مند اور طویل عمر عطا فرمائے، تاکہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ تعلیم کے میدان میں خدمات انجام دیتے رہیں اور خیبرپختونخوا کے طلبہ کو ایک روشن اور تاب ناک مستقبل فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں، آمین!
- کمنٹس
- فیس بک کمنٹس