Swat

سوات، مویشیوں کی سب سے بڑی منڈی امسال ویران

(باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ میں سوات کی سب سے بڑی منڈی اس سال سنسان اور ویران رہی۔ اس مویشی منڈی میں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں لوگ قربانی کے لئے جانور خریدتے ہیں، لیکن اس سال قوت خرید نہ ہونے کی وجہ سے منڈی سنسان ہے۔ گذشتہ سالوں میں عید سے دو، تین دن قبل اس منڈی میں لوگوں کا بے انتہا رش لگا رہتا تھا۔ جمعرات کواس منڈی میں گنتی کے افراد تھے۔مویشی فروخت کرنے والے حضرت علی نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ پچھلے سال انہوں نے پانچ سو سے زائد دنبے خرید کر اس منڈی میں فروخت کیے تھے۔ اس سال اس نے قرض پیسے لیکر اڑھائی سو دنبے خریدے ہیں، جو فروخت نہیں ہو رہے۔ منڈی میں موجود ایک شخص عارف غنی نے بتایا کہ وہ بے روزگار ہوگیا ہے۔ ٹائم پاس کرنے کے لئے منڈی آیا ہے۔ جب ان سے قربانی کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا کہ لوگوں کو آٹے کی فکر ہے کہ آٹا کیسے خریدیں گے؟ مویشی خریدنے کے بارے میں اب عام آدمی سوچ بھی نہیں سکتا۔ سوات کے دیگر علاقوں میں لگنے والی مویشی منڈیوں کا حال بھی مرکزی منڈی سے کم نہیں تھا۔ سوات میں مویشی باقی علاقوں سے سستا ملتا ہے۔ اس سال ڈپٹی کمشنر نے مویشی سوات سے باہر لے جانے پر دفعہ144 کے تحت پابندی عائد کی تھی جس کی وجہ سے قیمتیں مزید کم ہیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں