Swat

سوات ایکسپریس وے کے لیے 19 ارب فراہم ہوں گے، وزیر اعلیٰ محمود خان

(باخبر سوات ڈاٹ کام)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خا ن نے کہاہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے صوبے کو 53 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ صورتحال قابو میں رہی، تو ہفتہ دس دن تک سیاحتی مقامات کو کھول دیا جائے گا۔ سوات میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ امسال مزید ایک ارب درخت لگائے جائیں گے۔ وفاقی حکومت سوات ایکسپریس وے کے لیے 19 ارب روپے فراہم کررہی ہے، جس پر بہت جلد کام شروع کردیا جائے گا۔ اس سے یہاں کی سیاحت کے فروغ میں مددملے گی۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے رقم سالانہ ترقیاتی بجٹ سے فراہم کی گئی ہے، جس سے ترقیاتی کاموں میں تاخیر پیدا ہوئی۔ وکلا برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے دورہ کے موقع پر پشاورہائی کورٹ مینگورہ بنچ میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن مینگورہ بنچ کی تقریب حلف برادری سے خطاب اور بعدازاں کمشنر آفس سیدوشریف میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمو دخان نے کہاکہ کروناوائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر لا ک ڈاؤن کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی بہت کامیاب رہی، جس کے دور رس نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سوات میں سیدوشریف اسپتال کو کھول دیا گیا ہے۔ وومن یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی اور ڈینٹل کالج کی بھی منظوری دی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوات جیل بھی اس سال کے آخر تک مکمل کردیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں