Swat

وزیر اعلیٰ کا خوازہ خیلہ کے لیے ایک ارب کے خصوصی پیکیج کا اعلان

(باخبر سوات ڈاٹ کام)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپنے دو روزہ دورہئ سوات کے دوران ہفتے کے روز تحصیلِ خوازہ خیلہ کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اورپارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے فتح پور تا میادم روڈ کے علاوہ ریسکیو سٹیشن خوازہ خیلہ اور شالپن روڈ کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے خوازہ خیلہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران خوازہ خیلہ کیلئے ایک ار ب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ اُنہوں نے خوازہ خیلہ میں تحصیل کمپلیکس کی تعمیر، خوازہ خیلہ ہسپتال کی اَپ گریڈیشن اور گریٹر واٹرسپلائی سکیم کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہاکہ فتح پور ایری گیشن سکیم کی متعلقہ فورم سے منظوری ہو چکی ہے جبکہ گلی باغ واٹر چینل کا اس سال افتتاح کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ خوازہ خیلہ اور بحرین بائی پاس سڑکوں کی فیزبلٹی پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ موزوں زمین دستیاب ہونے پر خوازہ خیلہ میں گرلز اور بوائز ڈگری کالج قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ صرف وہ بات کریں گے جس کو وہ عملی جامہ پہنا سکیں گے اور وہ جو کہیں گے وہ ضرور کریں گے۔ کیونکہ وہ خالی نعروں اور اعلانات پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن کے مطابق غریب اور متوسط طبقے کو اوپر اُٹھانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے جن میں صحت کارڈ پلس، کسان کارڈ، فوڈ کارڈ اور ایجوکیشن کارڈ سرفہرست ہیں۔ فوڈ کارڈ کیلئے رواں بجٹ میں 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور اس کارڈ کے ذریعے غریب اور مستحق گھرانوں کو ماہانہ کی بنیاد پر مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پورے صوبے بالخصوص ضلع سوات کو تجاوزات سے پاک کرانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ ایم این اے ڈاکٹر حیدر علی نے بھی ورکرز کنونش سے خطاب کیا جبکہ صوبائی وزیر محب اللہ خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں