
سوات میں تحصیلِ چارباغ اپنے جغرافیائی خدوخال سے تو خوبصورت ہے ہی لیکن یہاں کے لوگ بھی ہر شعبہ ہائے زندگی میں شہرت عام و بقائے دوام حاصل کر چکے ہیں۔ آپ تربت و مکران جائیں یا مری و کاغان، کراچی سے مہران جائیں یا گلگت بلتستان، ہر جگہ چارباغ کا کوئی نہ کوئی باسی ضرور مل جائے گا۔ کہتے ہیں کہ جنت تو جنت، دوزخ میں بھی کافی چارباغی مل جائیں گے۔ والئی سوات کو بھی منگلور کے بعد تحصیلِ چارباغ سے عشق تھا۔ یہی چارباغ میری بھی تحصیل ہے۔ مجھے یہاں کی ہر چیز سے پیار ہے۔ یہاں کی ٹوپیاں، ’’گوڈ‘‘ کے چھولے اور ’’واوا‘‘ کی آئس کریم کے ساتھ اُسی کے پکوڑے بھی بڑے مشہور ہیں۔ یہاں پرنسپل احمد خان، پروفیسر شوکت، زاہد، شیریں، اقبال اور حشمت میرے کرکٹ کے ساتھی رہے جب کہ فضل کریم، نور اللہ، سلیم اور فرید خان میرے فٹ بال کے۔
1993ء میں جب میری فرسٹ اپوائنٹمنٹ اپنی ہی تحصیل کے ’’توہا اڈو‘‘ نامی مضافاتی پہاڑی علاقے میں ہوئی، تو ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہم دو سے تین گھنٹے پیدل چل کر سکول پہنچا کرتے تھے اور پھر ہفتہ بھر وہیں رہتے۔ وہ ہمارے ادبی مطالعے کا سنہری دور تھا۔ اسلام علی اور سمیع الرحمان سپین میرے رفقائے کار تھے اور ہم اکٹھے خوب خوب مطالعہ کیا کرتے تھے۔ اُس دن ہمارے مزے ہوتے جب کبھی کبھار چارباغ کے اِک ’’خان‘‘ اپنی فور بائی فور جیپ میں اپنے کھیتوں اور باغوں کو دیکھنے ’’توہا‘‘ کے نشیبی علاقے کی جانب گاڑی میں جایا کرتے، اور ہمیں ساتھ بٹھالیا کرتے۔ اس خان کا نام معشوق علی خان تھا، جو مذوب خان اور طوطا کے ناموں سے پکارے جاتے تھے۔ یہ چارباغ کے شیرے خان کے بیٹے تھے۔ اور شیرے خان اُسی نظر خان کے بھائی تھے جو شموزو قلعہ میں نواب دیر کی فوج سے بہادری کے ساتھ لڑتے شہید ہوئے تھے (جس کا ذکر ڈاکٹر سلطان روم نے اپنی کتاب ’’تاریخ ریاست سوات‘‘ میں بھی کیا ہے)۔ شیرے خان کو اپنے ایک نواسے سے بہت محبت تھی۔ وہ ہر وقت اُسے اپنے ساتھ رکھتا۔ بچے میں بھی خداداد صلاحیت اور قابلیت تھی۔ لہٰذا اپنے دادا سے اُس نے بہت کچھ سیکھا۔ بات دھڑلے سے کرنا ہو، یا مقابل کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرنا۔ سبھی کچھ اُس نے اپنے دادا سے سیکھا۔ وہ سکول کے قابل ہوا، تو اُسے سنگوٹہ پبلک سکول میں داخل کیا گیا، لیکن ماں جو پرانے خیالات کی مالک تھیں، اس خوف سے کہ میرا بیٹا عیسائی نہ ہوجائے، وہاں سے اُٹھوا کے سرکاری سکول لے آئیں۔ بچہ ہونہار تھا۔ اس لیے کھل کر بات بھی کرنے لگ گیا اور جلسوں میں نظمیں بھی سنانے لگ گیا۔ وہ ابھی چھٹی جماعت ہی میں تھا کہ طلبہ سٹوڈنٹس فیڈریشن کا صدر بنا دیا گیا۔ مینگورہ مکانباغ کے اِک جلسے میں ذوالفقار علی بھٹو نے چھٹی کے اس طالب علم کی نظم سن کر اُسے شاباش دی اور کمر پہ تھپکی بھی دی۔ 1977ء میں جب اُس نے میٹرک پاس کیا، تو افغانستان اور روس دونوں ممالک میں آپ کو ایم ڈی (MBBS) کا داخلہ مل گیا، لیکن ماں نے ایک بار پھر جانے سے اس لیے منع کردیا کہ ’’پھر بچے میں اپنے پرائے کی تمیز نہیں رہتی‘‘۔ آپ ایف ایس سی کے لیے جہانزیب کالج میں داخل ہوگئے۔ جہاں پروفیسر منزرے اور پروفیسر اسماعیل سے لڑائی ہوگئی۔ کالج چھوڑ دیا اور پرائیویٹ ایف اے کے بعد بی اے ڈبل انگلش کے ساتھ پاس کیا۔ اُصولی طور پر آپ کو ایم اے انگلش کرنا چاہیے تھا، لیکن پختونولی کے جذبے کے تحت ایم اے پشتو کیا۔ 1986ء میں ڈائریکٹر ایجوکیشن ابو سعید نے خود آپ کا انٹرویو لیا اور سیکنڈری ٹیچر کے لیے منتخب کرلیا۔ اس دوران میں آپ بی پی ایس (پاکستان بر مارشل) میں بھی اچھی تنخواہ پر بھرتی ہوچکے تھے، اور ساتھ ہی اے ایس ایف (ائیر پورٹ سکیورٹی فورس) میں اے ایس آئی کے لیے بھی نامزد ہوگئے، لیکن والدہ نے استاد بننے کو ترجیح دی۔ لہٰذا آپ معلمی کا تقرر نامہ لے کر ضلع شانگلہ چلے گئے۔ جہاں سے تین سال بعد آپ کا تبادلہ خوازہ خیلہ ہوگیا۔ اگلے ہی سال یعنی 1990ء میں آپ گورنمنٹ ہائی سکول چارباغ آگئے، جہاں 28 سال تک مزید نوکری کرنے کے بعد 19/03/2019کو ریٹائر ہوگئے۔
یہ چارباغ کے عمران علی خان عرف ’’خانے‘‘ تھے، جو معشوق علی خان المعروف مذوب طوطا کے بیٹے تھے۔ ’’خانی‘‘ اُنہیں ورثے میں ملی تھی، لیکن طبیعت کی قلندری نے کبھی خود کو ’’خان‘‘ کہنے یا کہلوانے نہ دیا، لیکن جب مور پنڈئی کے سرنزیب میاں نے آپ کو ’’خان‘‘ کہنا شروع کیا، تو پھر سوات بھر کی ٹیچر برادری میں آپ ’’خان‘‘ اور ’’خانے‘‘ کے نام سے مشہور ہوگئے۔ آپ محکمۂ تعلیم میں کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ اس لیے بھی کہ آپ نے ساری زندگی اساتذہ یونین میں اساتذہ کے حقوق کی جنگ لڑی۔ آپ پہلے اے ٹی اے (آل ٹیچر ایسوسی ایشن) میں ذکر یا باچا شاہین اور بابائے اساتذہ فضل غنی کے ساتھ مل کر اساتذہ کے حقوق کی جنگ لڑتے رہے۔ پھر 1995ء میں ’’ملگری اساتذان‘‘ نامی اِک نئی تنظیم بنائی جو باچا خان کے بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھتی تھی اور آخر تک اسی کے ساتھ جڑے رہے۔
آپ کو دیکھ کر گمان نہیں گزرتا کہ آپ 60 سالہ ریٹائر ہوئے ہیں۔ کیوں کہ آپ کی با وقار اور وجیہہ شخصیت آج بھی بڑے بڑے جوانوں کو شرماتی ہے۔ چمکیلے سفید بال اور اس سے بھی چمکیلی سفید داڑھی اوپر سے بڑی بڑی سفید مونچھیں، گوروں کی طرح سرخ و سفید رنگت، باوقار ڈیل ڈول، بڑی بڑی غزال آنکھیں، ستواں ناک، مردانہ آواز، شیریں لہجہ، ذہین دماغ، فطین حافظہ اور نپے تلے جملوں کا انتخاب ایسی صفات اور ایسے اوصاف ہیں جو ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتے۔ بات سچی، کھری، دو ٹوک اور دھڑلے سے کہنا اور اپنے مؤقف پہ کھڑے رہنا آپ کی فطرتِ ثانیہ رہی۔ اساتذہ کی چھوٹی چھوٹی خدمات ہوں یا بڑے مسائل، آپ نے ہمیشہ اپنا پیسہ لگا کر اُن کے کام کیے۔ کسی سے گاڑی کے پیٹرول تک کا پیسہ نہیں لیا۔ خدمت کا یہ دائرہ اور غمی خوشی کا یہ حلقہ سوات، دیر، شانگلہ، بونیر ہی نہیں پشاور تک بھی وسیع رہا۔ وہ اِک بے لوث، بے باک اور بے لالچ لیڈر تھے۔ جبھی تو ریٹائرمنٹ کے دن اک جمِ غفیر نے اِک پُروقار تقریب میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، اور تحفے تحائف دے کر، ہار پہنا کر عزت سے رخصت کیا۔ اگلے ہی روز پارٹی (اے این پی) نے انہیں صوبائی کونسلر چن لیا۔ آپ نے جی ایچ ایس ایس چارباغ کے شریف النفس پرنسپل احمد خان کو چارباغ کے لوگوں کے لیے نعمتِ خداوندی کہا۔ اور کہا کہ ’’ہمیں ان سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان کی آمد سے سکول کا نقشہ ہی بدل گیا ہے۔‘‘ انہوں نے اپنے بیٹے حاشر احمد خان کی مثال پیش کی کہ ’’میٹرک میں 989 نمبر لے کر فرسٹ آنا اور ’’ستوری پختونخوا‘‘ کا اعزاز اور انعام حاصل کرنا اسی سرکاری سکول اور اسی پرنسپل کا کمال ہے۔ لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اُن سے رابطے میں رہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اے این پی حکومت نے استاد کے لیے جو کام کیا ہے، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘ آخر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’جب تک دم میں دم ہے، اساتذہ کو تو کیا تمام امپلائز کے حقوق کے لیے لڑتا رہوں گا۔‘‘ بقولِ شاعر
اپنے لیے تو سب ہی جیتے ہیں اس جہاں میں
ہے زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا