کالم نگاری

شہنشاہِ قطعہ کی پانچویں کتاب

تصدیق اقبال بابو

✍️ کالم نگار: تصدیق اقبال بابو

اشتہار / Advertisement

یہ 14 دسمبر 2019ء کا دن ہے۔ جہانزیب کالج کا تاریخی ودودیہ ہال عوام، خواص، شاگردوں، استادوں اور مہمانوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔ شور، ہنگامے اور سیٹیوں سے کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی۔ آج ”ایلم ادبی و کلتوری ٹولنہ“ نامی اک فعالی ادبی تنظیم کی جانب سے سالانہ گرینڈ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل سید ممتاز علی شاہ، اُن کا مکمل سٹاف اور کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات کے علاوہ ہر طبقہئ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ پروگرام کی صدارت لائق زادہ لائقؔ کر رہے ہیں، جب کہ ملاکنڈ یونیورسٹی کے شعبہئ پشتو کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر علی خیل دریاب مہمان خصوصی ہیں۔ دیگر نامی گرامی شعرا میں ہمارے دوست عطاء الرحمان عطاؔ، عبدالرحیم روغانےؔ، عثمان اولس یارؔ، بخت زادہ دانشؔ، اقبال شاکرؔ، حنیف قیسؔ، عطاء اللہ جانؔ اور ظفر علی نازؔ وغیرہ شامل تھے۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر علی خیل دریابؔ نے اپنے خطبے میں فرمایا کہ ”جس طرح لوگوں نے عبدالرحیم روغانےؔ کو ”بابائے قطعہ“ کے خطاب سے نوازا ہے، تو سوات کی خوش بختی ہے کہ یہاں سراج الدین سراجؔ جیسا شاعر بھی موجود ہے جو پانچ کتابوں کا خالق ہے۔ معیاری غزل اور نظم کے ساتھ قریباً ہزار منفرد قطعات کا بھی خالق ہے۔ قطعات میں روغانےؔ بابا کے بعد جو ملکہ اسے حاصل ہے، کسی اور کو نہیں۔ اس لیے آج میں اسے ”شہنشاہِ قطعہ“ کا خطاب دیتا ہوں“۔
ہال میں سبھی لوگوں نے ان کی تائید کی اور دیر تک تالیوں کی گونج میں سراج الدین سراجؔ کو خراجِ تحسین پیش کرتے رہے۔
خطاب، القاب یا دیگر اعزازات دینا کوئی نئی بات نہیں۔ عوام، خواص یا حکومتیں اپنے مشاہیر کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں ایسی عزت دیتی رہتی ہیں۔ اردو میں میرؔ کو ”خدائے سخن“ کہا گیا، تو غالب کو ”دبیر الملک“، مولانا ظفر علی خان کو ”بابائے صحافت“ کہا گیا، تو اقبال کو ”شاعرِ مشرق“۔ راشد کو ”شاعرِ ایشیا“ کہا گیا، تو کرشن کو ”ٹالسٹائی“۔ یہی حال پشتو میں بھی ہے۔ نصراللہ نصرؔ کو ”بابائے پشتو“ کہا گیا، تو حمزہؔ کو ”بابائے غزل“، روغانیؔ کو ”بابائے قطعہ“ کہا گیا، تو سراجؔ کو ”شہنشائے قطعہ“ کا خطاب دیا جانا کوئی اچھنبے کی بات نہیں۔ انہیں تو حال ہی میں ”فخرِ پختونخوا ایوارڈ“ کے لیے بھی چن لیا گیا ہے، جو سوات کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
سراج لکھتے ہیں کہ
دا د رب مہربانی نہ دہ نو سہ دہ
چی پہ تیر عمر د خلقو د زڑہ سر شوم
شاگردان می ٹول د عمر اثاثہ دہ!
چی بوڈا شوم د لفظونو جادوگر شوم
سراجؔ اک سیدھا سادہ، مخلص اور بے ضرر انسان ہے۔ انسانیت اور احترامِ آدمیت اُس کی گھٹی میں شامل ہے۔ مہمان نواز، ملنسار اور یاروں کا یار بندہ ہے۔ کینہ، بغض اور تعصب اُس کی ڈکشنری میں شامل نہیں۔ لیکن اُس سے جب بھی ملو، وہ احباب سے عدم برداشت کا گلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
اس حوالے سے اپنی پانچویں کتاب ”ژڑا پہ ترنم کے“ میں لکھتے ہیں کہ:
پس دَ مرگہ سوک دَ چا نہ پکاریگی
پکار دا دہ چی پکار پہ ژوندانہ شی
دَ سراجؔ دَ زڑہ ارمان بہ شی تر سرہ
چی پہ یو مرکز راجمع پختانہ شی
آپ کی شاعری کے موضوعات میں محبت، انسانیت، انسان دوستی، قومی درد، معاشرتی زوال، سیاسیات، اخلاقیات، سماجی مسائل، جھوٹ، مکر، فریب، ناانصافی، ظلم، بدامنی، رشوت ستانی، فحاشی اور اسی نوع کے دیگر موضوعات جو خارجیت کی عکاسی کرتے ہیں،تو کچھ داخلی کیفیات کا احاطہ کرتے مضامین بھی کلام کا حصہ ہیں۔
آپ کی شاعری میں ہلکے پھلکے مِزاح کے ساتھ طنز کی لپیٹ یا تھپیڑ بھی موجود ہوتی ہے۔
ٹولہ ورز د اُودہ قام غمونہ جاڑم
ماسخوتن ذری ذری پہ کٹ کی سملم
دوئی زما پہ چغو کلہ راویخیگی
د دی غمہ بہ یو ورز لحد کی سملم
عمر کے آخری حصے میں ہی سہی اُنہیں اپنی ماں بولی سے عشق ہوگیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ آخری عمر کا عشق بڑا ظالم ہوتا ہے۔ پشتو زبان کے لیے اُن کا یہ عشق نیک شگون ہے کہ ہر سال اس کے دامن میں اک نئی کتاب کا تحفہ ڈال دیتے ہیں۔ اور کمال یہ کرتے ہیں کہ حروفِ تہجی کی ترتیب سے غزلیات، قطعات اور نظموں کی سوغات ہمارے سامنے رکھ کر پھر سے نئے عزم میں مصروف ہوجاتے ہیں۔
لکھتے ہیں:
زان تہ حیرانیگم سنگ ژوندے یمہ
وخت چی کومے چارے پہ ما کڑی دی
ستا سنگارولو لہ پختو ژبے
شپے می تر سحرہ سبا کڑی دی
آخر میں ہم اُنہیں نئی کتاب ”ژڑا پہ ترنم کے“ پر مبارک باد دیتے ہیں۔ 208 صفحات کی یہ خوبصورت شاعری پشتوزبان کے لیے اُن کا ایک اور تحفہ ہے، جس پہ دلاور منصورؔ، وکیل حکیم زے، ڈاکٹر دیدار یوسف زئی اور فضل سبحان عابدؔ کے بسیط مقدمات کے علاوہ رحمت شاہ سائلؔ کی تحریر بھی سند کے طور پر موجود ہے۔
جاتے جاتے امارات میں کام کرنے والے ہنگو کے محمد رؤف کا شکریہ ادا نہ کروں، تو زیادتی ہوگی کہ سراجؔ کے اس ”اَن دیکھے فین“ نے کتاب کی چھپائی کے تمام اخراجات برداشت کرکے ادب سے محبت کی عملی مثال ہمارے سامنے رکھ دی۔
اجازت اس قطعے کے ساتھ کہ
مینہ ویشم، مینہ غواڑم
دا می کار دا می روزگار دے
چی دَ مینی لاروے دے
زما ورور دے زما یار دے

اشتہار / Advertisement
اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

★ ★ ★ ★ ★
اوسط ریٹنگ: ⭐ 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔