
گذشتہ تین دن سے میں ہمایوں مسعود کے فکری سمندر ”ستا د یاد وگمے خورے شوے“ میں غوطہ زن ہوں۔ یہ بحرِ بیکراں اپنی وسعتوں اور جولانیوں میں اِک الگ جہانِ رنگ و بو ہے۔ یہاں کی سیر کے بعد انسان اپنے دل و دماغ میں بصیرت، احساس اور درد کے کھٹے میٹھے لہرے ضرور لے کر آتا ہے۔ ماناکہ یہ الگ سی دنیا ہے، جو ہمیں نئے جہانوں کی سیر کراتی ہے۔ یہ دنیا ہمیں کبھی ماضی کے جھولوں میں جھولا جھلاتی ہے، تو کبھی زمیں پہ ہونے والی ہولناکیوں، سفاکیوں اور زہر ناکیوں پہ ہمارا منھ بھی چڑاتی ہے۔ اس میں داخلیت اور خارجیت کے سبھی ڈانڈے موجود ہیں۔
جس طرح کتاب کا اندرونی مواد اور متن خوبصورت ہے، اسی طرح بیرونی بنت، بناوٹ اور گیٹ اَپ بھی خوبصورت ہے۔ کیوں نہ ہو کہ جس کتاب کا ناشر شعیب سنز مینگورہ ہو، اُس پہ انگشت نمائی کی گنجائش نہیں رہتی۔ سرورق کے کالے حزنیہ ٹائٹل پہ مختلف رنگوں کی بہار ہے۔ جسے انہوں نے ”کسی“ کی”یاد“ کے آہنگ سے تشبیہ دی ہے۔ پچھواڑے میں ہمایوں لالا کی نستعلیق تصویر ہے جس پہ امریکہ کی شبنم گل اپنے شبنمی لفظوں سے گل پاشی کرتی نظر آرہی ہیں۔ وہ لکھتی ہیں: ”شاعری اُن کا پیشہ تو نہیں لیکن دلی بھڑاس نکالنے کا ایک وسیلہ ضرور ہے۔ اُن کی تحریریں اپنی قوم اور ذات تک محدود نہیں بلکہ کائنات کا بھی احاطہ کرتی ہیں۔ کیوں نہ ہو کہ وہ عالمی ادب پہ گہری نظر جو رکھتے ہیں۔“
اندرونی دیباچے میں ڈاکٹر خادم حسین لکھتے ہیں کہ ”جس طرح ہمایوں لالا کی شخصیت معتبر، میٹھی اور شفقت آمیز ہے، اسی طرح اُن کا فن بھی قاری کے لیے ایک میٹھا تجربہ ہے۔“ جبکہ پروفیسر سبحانی جوہر نے اُن کی ماضی پرستی پہ حاشیہ کھینچتے ہوئے لکھا ہے کہ ”ہمایوں صاحب اگر چہ حال سے بے احساس نہیں لیکن وہ ماضی کے جھولے میں جھولا جھولتے زیادہ مسرور نظر آتے ہیں۔“
کتاب کے مطالعے کے بعد میرا بھی یہی نظریہ ہے کہ اردو ادب میں انتظار حسین جس طرح ناسٹلجیا (Nostalgia)کا شکار نظر آتے ہیں، اسی طرح ہمایوں مسعود بھی ماضی کی تلخ و شیریں یادوں کو سینے سے لگائے کبھی انہیں ”رشتے“ جیسے افسانوں میں جگہ دیتے ہیں، تو کبھی ”ستا د یاد وگمے خورے شوے“ کی نظموں اور غزلوں میں پرو کر ہمارے سامنے پیش کرتے ہیں۔
جیسا کہ ذکر ہوچکا کہ ہمایوں صاحب وسیع المطالعہ ہیں۔ مشرق و مغرب کے ادب پر بھی ان کی گہری نظر رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر خادم حسین اور پروفیسر سبحانی جوہر نے ان کے فن کے اُن پہلوؤں پہ حاشیہ کھینچا ہے جسے انہوں نے انگریزی سے پشتو میں ترجمہ کیا ہے۔ اس مد میں انہوں نے رابرٹ ہیرک، بٹلر اور ساپو کی مثالیں دی ہیں۔ دونوں فاضلین نے بعض نظموں کے ڈانڈے فیض اور خوشحال سے بھی ملائے ہیں۔ اسی تناظر کو اگر ہم آگے بڑھائیں، تو ہم دیکھتے ہیں کہ پہلی ہی غزل کا مطلع جلال لکھنوی کے اس مشہور شعر سے کس طرح ملتا جلتا ہے (حالاں کہ یہ حسنِ اتفاق ہوگا)۔ جلال لکھنوی لکھتے ہیں:
شب کو مے خوب سی پی، صبح کو توبہ کرلی
رِند کے رِند رہے، ہاتھ سے جنت نہ گئی
جب کہ ہمایوں مسعود لکھتے ہیں کہ:
ہم مو رندی، ہم مو پہ صدق زاہدی کڑی دہ
مونگ پہ جنت او دوزخ، دواڑو خہ خوای کڑی دہ
ہم پختون قوم کسی بھی نئی آواز پہ ”ہر چی بادا باد“ کہتے ہوئے پیچھے چل پڑتے ہیں۔ سوات کی تباہی ہی کو دیکھ لیجیے، پرائی جنگ میں ہم کود پڑے۔ پھر طالب آئے اور سب کچھ تباہ ہوگیا۔ اسی تناظر کو ہمایوں مسعود نے شعر کے قالب میں کچھ اس طرح ڈھالا ہے، ملاحظہ ہو:
پردی بل کڑی اور کے، سوزندہ سر ساتو
نہ عقل فہم لرو، نہ سہ لخکر ساتو
غیرو تہ لاس پہ نامہ، خو خپل مشال وجنو
پہ مکتبونو کے اوس، شنہ زناور ساتو
سوات کی تباہی کے بعد فوجی آئے، تو لوگوں نے انہیں ہار پہنائے۔ لیکن جب انہوں نے لوگوں کے سر پہ دستِ شفقت کی بجائے تھپڑ مارنے شروع کردیے، تو لوگوں کی محبت نفرت میں بدلنے لگ گئی۔ ایسے میں ہمایوں جیسے حساس قلم کار نے اِک چھوٹی سی نظم میں اس صورت حال کو یوں قلم بند کیا ہے:
کہ تہ خپل فوج ئے
”زما“ فوج ئے
او د دی وطن د مکینانو محافظ بولے زان
نو بیا دا ولی دہ چی
زما او ستا پہ مینز کی داسی خوف او داسی ویرہ لرم
لکہ ہوسئی چی دَ لیوانو پہ کنڈک کی گرزی
ہمایوں صاحب بنیادی طور پر دھیمے مزاج کے مالک ہیں۔ اُن کا احتجاج بھی بڑا دھیما اور پُرامن ہی ہوتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ وہ باچا خان کے فلسفے عدم تشدد کے قائل ہیں۔ لکھتے ہیں:
دا د ظلم تیاری ھسے، پہ آسانہ د تلونہ دی
مشعلونہ پہ بلو بہ دَ ہر کور بلول غواڑی
جیسا کہ ذکر ہوچکا ہے کہ ہمایوں مسعود ماضی پرست ہیں۔ علمِ نفسیات کا کہنا ہے کہ ”ماضی پرست لوگ رومان پسند ہوتے ہیں!“ ہم دیکھتے ہیں کہ ہمایوں مسعود کی شاعری کے زیادہ تر دریچے ماضی کے گلستاں کی جانب کھلتے ہیں۔ اسی لیے اُن کے ہاں ماضی کی تلخ و شیریں یادیں اُن کے گرد جمگھٹا لگائے رکھتی ہیں۔ مختلف نظموں اور غزلوں میں ان کا یہ ذہنی بہاؤ اُنہیں ماضی کی طرف لے جاتا ہے۔ مثلاً:
تصور کی می موسیگی، ہغہ دوہ ملالے سترگے
اوس لہ ما کلہ ہیریگی، ہغہ دوہ ملالے سترگے
مزید لکھتے ہیں کہ:
آلمحے دی سومرہ خکلی
چی ستا خوا کی تیریدلے
اسی موضوع سے ملتا جلتا اِک اور شعر بھی ملاحظہ ہو
کہ اسودہ ہم ڈیر دے، خو افسردہ دے ژوندون
بغیر لہ تا نہ گرانے، کہ دے نوسہ دے ژوندون
یہ اور اسی قبیل کے کئی اشعار اُن کی رومان پسندی کا بین ثبوت ہیں۔ نیز مختلف نظموں میں بھی انہوں نے اپنے انہی خیالات کو مقید کیا ہے۔ جس میں ”ٹافی“، ”درجہ“،”سزا“، ”پاخہ رنگونہ“، ”ستا نہ پس“ اور ”فلرٹ“ وغیرہ ایسی نمائندہ نظمیں ہیں، جو آپ کی کھٹی میٹھی یادوں کا احاطہ کرتی ہیں۔
بہ حیثیت مجموعی اسی مجموعے میں غزلوں کی بہ نسبت نظموں کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے، جو قاری کو اپنے سحر میں جکڑے رکھتا ہے۔ یقینا یہ معرا، آزاد اور پابند نظمیں پشتو ادبیات میں اک سنجیدہ اضافہ ہیں۔ ہم ہمایوں لالا کو اس کامیاب پڑاؤ پہ مبارک باد پیش کرتے ہیں۔