کالم نگاری

اوخکے پہ لیمو کی (تبصرہ)

تصدیق اقبال بابو

✍️ کالم نگار: تصدیق اقبال بابو

اشتہار / Advertisement

سوات کی تحصیلِ مٹہ میں گاؤں سخرہ سے آگے لالکو کا درہ جو گبین جبہ سے جا ملتا ہے، اس تحصیل کا انتہائی شمال مغربی گوشہ ہے۔ اسے باری تعالیٰ نے سرسبز و شاداب جنگلوں، فلک بوس پہاڑوں اور ہرے بھرے میدانوں سے سجا رکھا ہے۔ یہاں کے لوگ سادہ، مہمان نواز اور مہرو وفا کے پیکر ہیں۔ یہ علاقہ غربت و پسماندگی میں چاہے پیچھے ہو، لیکن ادبی حوالے سے کافی مردم خیز ہے۔ یہاں واحد زمان زمانؔ، حیدر علی حیدرؔ اور امیر زیب زیبؔ جیسے عسل نوشین کے گھڑے، پشتو زبان و ادب کے پرچارک ہیں، تو انہی گلہائے رنگا رنگ میں گل داؤدی کی مثال جناب گل داؤد لالکو وال بھی اپنی الگ سی سج دھج کے ساتھ اپنی جداگانہ پہچان رکھتا ہے۔ اسے دھرتی ماں اور اس کی بولی سے اتنی محبت ہے کہ وہ اپنے منتشر خیالات و احساسات کو شعر کے قالب میں ڈھال کر اپنی ماں بولی سے محبت کا اظہار کیے جا رہا ہے۔ اس کی اب تک دو عدد کتابیں ”اوخکے پہ لیمو کے“ اور ”چاپیرہ اوور بلیگی“ چھپ کر منظر عام پہ آچکی ہیں۔ آج کل دونوں ہی میری رائٹنگ ٹیبل پہ پڑی مجھے دعوتِ مطالعہ دیتی رہتی ہیں۔
”اوخکے پہ لیمو کے“ لالکو وال کا پہلا شعری پڑاؤ ہے۔ 240 صفحات کی یہ مجلد کتاب خوبصورت گیٹ اَپ میں شعیب سنز (مینگورہ) جیسے معتبر ادارے نے ندیم پرنٹرز لاہور سے چھپوائی ہے۔ کمپوزنگ عبداللہ جان جب کہ ٹائٹل عبدالرحمان نے ترتیب دیا ہے۔
لالکو وال کتاب کا انتساب اپنے ماں باپ کے بعد اپنی ستم رسیدہ دھرتی کے نام کرتا ہے۔ چوں کہ وہ عرصہئ دراز سے دیارِ غیر کے ریگستانوں میں خاک چھان رہا ہے۔ اس لیے وہ یہ کتاب دیارِ غیر میں رہنے والے اپنے مسافر بھائیوں کے نام معنون کرتا ہے۔ لالکو وال چوں کہ ابھی جواں سال ہے اور تازہ دم بھی ہے، اس لیے اس کی شاعری میں رومان کی فضا تو جا بہ جا نظر آتی ہی ہے، لیکن بہ حیثیت مجموعی اس میں ذاتی دکھ کم اور کائناتی دکھ زیادہ نظر آتا ہے۔ وہ اپنی جنت نظیر وادی میں بیرونی طاقتوں کے خونیں کھیل کو دیکھ کر کڑھتا، تڑپتا اور کلپتا نظر آتا ہے۔ اُسے شدید دکھ اس بات کا بھی ہے کہ یہ کھیل کسی اور کے ساتھ نہیں اس کے پختون بھائیوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے اور عرصہئ دراز سے کھیلا جارہا ہے۔ سر اُڑتا ہے تو پختون کا، سینہ چرتا ہے تو پختون کا، گھر گرتا ہے تو پختون کا، وہ یہ دنگل، یہ ڈراما دیکھ کر کڑھنے لگتا ہے۔ اُس کے دل سے ”شعور کی رو“ کی مانند جو بھڑاس نکلتی ہے، اُسے شعر کے قالب میں ڈھالتا چلا جاتا ہے۔ چوں کہ اس کی تعلیم واجبی سی ہے اور کوئی کامل استاد بھی میسر نہیں، اس لیے فنی حوالے سے ابتدائی کلام میں کہیں کہیں جھول اور سقم بھی موجود ہے، لیکن بہ حیثیت مجموعی وہ اپنے جذبے میں بڑی حد تک کامیاب نظر آتا ہے۔ لکھتا ہے:
خدایا تہ زما قبولہ دا دعا کڑے
تہ پہ امن خائستہ ٹولہ دنیا کڑے
د داؤد لالکو وال د اارمان پورہ کڑے
پختانہ آباد پہ خپلہ پختونخوا کڑے
جیسا کہ ذکر ہوچکا ہے وہ پختونوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کو ایک آنکھ بھی نہیں دیکھ سکتا۔ وہ بے بس بھی ہے اور لاچار بھی، اس لیے کڑھتے کڑھتے اُس کے منھ سے ایسے ایسے شعر بھی نکلتے ہیں، ذرا ملاحظہ ہوں:
نہ خپل زڑگے د پیخور نہ صبرولے شمہ
نہ خو گلاب گلاب کابل زہ ہیرولے شمہ
ہلتہ ظلمونہ کوی، دلتہ کے کورونہ ولی
نہ دا لیدلے شمہ او نہ ہغہ کتلے شمہ
ایک اور جگہ نظم میں اس طرح مصرعے بھی باندھتا ہے:
ولی قتلیگی د ہر کلی او د خار پختانہ؟
گناہ ئی سہ دہ دا پہ سہ شو خوار و زار پختانہ؟
گل داؤد لالکو وال اور اس جیسے ہزاروں نوجوان غربت اور بے روزگاری کے ہاتھوں اپنی جنت نظیر وادی سے نکل کر سعودی عرب کے لق و دق صحراؤں میں خاک چھانتے پھرتے ہیں۔ انہیں اپنے وطن کا ذرہ ذرہ یاد آتا ہے۔ لالکو وال بھی مسافری میں ایسی کیفیت سے گزرتے ہوئے کچھ اس قسم کے شعر لکھتا ہے:
سوات، کالام او پیخور راتہ یادیگی
دَ خپل کلی مازیگر راتہ یادیگی
چی ماخام شی، مڑے مڑے اوخکی تویوومہ
مسافر یم خپل دلبر راتہ یادیگی
مسافر کو اپنے دلبر کی یاد کے ساتھ جو چیز بہلاتی ہے، وہ اس کی تصویر ہے۔ لالکو وال کو بھی اپنے محبوب کی تصویر سے بے پناہ محبت ہے۔ جبھی تو کئی جگہ اس نے اس لفظ کا استعمال کیا ہے۔ اب معلوم نہیں کہ یہ لفظ اُس کا استعارہ ہے یا حقیقی اشارہ۔ آئیے، دیکھتے ہیں وہ کیا کہتا ہے:
ستا د تصویر پہ تماشہ اودہ شم
پہ تصور کے دے نشہ اودہ شم
ناست ستا تصویر تہ پہ گیلو یم اشنا
بیا ترے مخ واڑووم خفہ اودہ شم
یا یہ بھی کہ:
لوبے ورسرہ لکہ ماشوم کووم
ستا تصویر تہ بیا پہ زمکہ ناست یمہ
یہ جانانہ وربہ اے پہ تخت نہ کڑم
زہ چی ستا د خیال پہ غیگ کے ملاست یمہ
لالکو وال کی شاعری میں قوم پرستی کا جوش بھی ہے اور حب الوطنی کا جذبہ بھی۔ رومان بھی ہے اور غم و اندوہ کا طوفان بھی۔ وطن سے دوری کا ہیجان بھی ہے، اور محبوب سے ملن کا ارمان بھی۔ اس مجموعے میں غزلوں، نظموں، قطعات اور ہائیکوجات کے علاوہ ”سلوریزے“ اور ”ٹپہ ایزے“ بھی موجود ہیں۔
بحیثیتِ مجموعی یہ ایک اچھی کاوش ہے، لیکن ہمیں گلہ صرف عبدالرحیم روغانیؔ سے یہی بنتا ہے کہ انہوں نے کتاب پہ دیباچہ تو دے مارا لیکن مسودے پہ نظر نہیں ڈالی۔ ورنہ کچھ اشعار کی نوک پلک درست کرکے انہیں مزید خوبصورت بنایا جاسکتا تھا۔ آخر میں کالم کا اختتام لالکو وال کے رومان بھرے اس خوبصورت شعر پہ کرتا ہوں۔ لکھتا ہے:
د بلا لور دہ سومرہ خہ پہ انتخاب پوہیگی
د نظر دام کی ئی زما زڑگے پہ چل وڑے دے
دَ حسن غلا پسے وس نہ زمہ د خکلو چم تہ
سینہ خالی دہ ہغہ غل زما نہ غل وڑے دے

اشتہار / Advertisement
اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

★ ★ ★ ★ ★
اوسط ریٹنگ: ⭐ 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔