کالم نگاری

پروفیسر بہرام زخمی کا ادبی سفر

تصدیق اقبال بابو

✍️ کالم نگار: تصدیق اقبال بابو

اشتہار / Advertisement

گنجینہئ سخن میں ہر کوئی اپنی بساط کے مطابق حصہ ڈالتا ہے اور چلا جاتا ہے۔ یہی ادیب، شاعر اور لکھاری لوگ ہوتے ہیں جو معاشرے سے رس کشید کرکے قارئین کے تفننِ طبع، جمالیاتی ذوق اور اصلاح کے لیے اپنی توانائیاں صرف کرتے ہیں۔ یہی لوگ سدِ راہ ہوتے ہیں جو اوروں کے لیے خود کو جلا کر روشنی مہیا کرتے ہیں۔ روشنی پھیلانے والی ان مشعلوں میں ایک پروفیسر بہرام خان زخمیؔ بھی ہیں جو اپنی سدا بہار شخصیت، اپنے زریں خیالات اور ہنس مکھ طبیعت کے باعث علمی و ادبی حلقوں میں کافی شہرہ رکھتے ہیں۔
آپ کا تعلق ملاکنڈایجنسی کے تاریخی گاؤں ڈھیری جولگرام سے ہے۔ آپ کا نسب ریزاد خیل، غرخیل، عثمانی خیل، رانیزے اور یوسف زئی سے جڑا ہوا ہے۔ یہ سلسلہ قیس عبدالرشید سے جاملتا ہے۔ پیشے کے لحاظ سے آپ پروفیسر ریٹائر ہوئے ہیں۔ عصری تعلیم میں آپ نے پشتو ادبیات میں ماسٹر کے ساتھ ساتھ لسانیاتِ پاکستان میں ایم فل کی ڈگری بھی حاصل کی ہے، جب کہ دورانِ ملازمت آپ چیئرمین شعبہئ پشتو بھی رہے۔ آپ کا ادبی سفر 1986ء میں ”شوگیر“ نامی پشتو شعری مجموعے سے شروع ہوتا ہے۔ 1989ء میں ”خوگ لن“ اور 1996ء میں ”آھونہ“ نامی شعری پڑاؤ تک آتاہے۔ 2019ء میں آپ کی نثری کتاب ”پہ توروالئی کے دَ پختو اثرات“ (تحقیق) منظر عام پہ آئی۔ 2020ء میں دو اور شعری پڑاؤ ”د ہجرشپہ کی تذکرے دَ وصال“اور ”د زڑہ پہ للمو کی مسکی گلونہ“ کی شکل میں سامنے آتے ہیں۔ 2020 ء ہی میں ”توکلی لاڑی“ نامی افسانوی مجموعہ بھی آپ کے ادبی پلڑے کا حصہ بنتاہے، جب کہ اسی سال ”د زڑہ زخمونہ د حضورؐ پہ نامہ“ نامی نعتیہ سوغات اور ”یوہ سانگہ دری گلونہ“ کتاب جو کہ زخمی صاحب کی پرانی کتب ”شوگیر، خوگ لن اور آھونہ“ ایک بک میں اسی ترتیب کے ساتھ چھاپ ہوا ہے، بھی آپ کے ادبی سفر کا حصہ ہے۔ پائپ لائن میں پڑے منصوبوں میں رباعیاتِ زخمی، قطعاتِ زخمی اور د ژوند خواگہ پہ دعاگانو کے دی (ہائیکو) جب کہ نثری منصوبوں میں ”دَ ماضی یادونہ“ اور ”زما ادبی سفر“ نامی کتب ابھی چھپنے کے مراحل میں ہیں۔
ان کے اس ادبی خزینے سے مجھے پانچ کتب دستیاب ہوئیں جو مجھے ”لقمان گرافکس اینڈ پبلشرز“ کے لقمانِ حکیم نے انتہائی محبت کے ساتھ پیش کیں۔ جن پہ میں ان کا انتہائی ممنون ہوں۔ یاد رہے کہ یہ چھے کتب لقمان گرافکس اینڈ پبلشرز نے بہترین گیٹ اَپ کے ساتھ زیورِ طبع سے آراستہ کی ہیں۔جن پہ مزید محنت اور پشاور کی دوڑ دھوپ ہمارے عزیز دوست سمیع اللہ گرانؔ نے کی۔
زخمیؔ صاحب کی شاعری پہ بات کی جائے، تو ہم دیکھتے ہیں کہ وہ محبتوں کا شاعر ہے۔ انسانیت سے محبت، کائنات سے محبت اور اپنی اقدار سے محبت ان کی گھٹی میں شامل ہے۔ یہی محبت بھرا پیغام ان کی شاعری کا محور اور منبع ہے۔ جبھی تو وہ بے اختیار کہہ اٹھتے ہیں کہ:
ستا د خایست پہ تصور تازہ دی
د زڑہ پہ للمو کی مسکی گلونہ
آپ شاعری میں زیادہ تر روایت سے جڑے دکھائی دیتے ہیں۔ جدت کے ڈانڈے آپ کی شاعری میں کم کم دکھائی دیتے ہیں۔ البتہ تصوف، وحدانیت اور حبِ رسولؐ سے والہانہ محبت جیسے موضوعات آپ کی شاعری میں جابجا دیکھے جاسکتے ہیں۔ آپ کا کمالِ فن یہ کہ عشقِ مجازی اور عشقِ حقیقی ہردو کا گمان آپ کے بہت سے اشعار میں دیکھا جاسکتا ہے۔ جیسا کہ لکھتے ہیں:
ستا د وصال د محرومئ گیلہ می پاتی نہ شوہ
زما پہ مینہ کی چی ذکر د ہجران دی اوکڑہ
ما خو ہمیش کڑے عمل دے پہ تسلیم او رضا
دا کہ پہ ہر قدم د مینی امتحان دی اوکڑہ
ان اشعار کو اگر وسیع تناظر میں دیکھا جائے، تو ”لن ترانی“ کا قصہ یاد آنے لگتا ہے اور محدود نظر سے دیکھیں، تو یہ اشعار مجازی پہلوؤں پر بھی مملوکیے جاسکتے ہیں۔ اسی طرح آپ کی کتاب ”دَ زڑہ زخمونہ“ آپ کے ان گلہائے عقیدت کا مجموعہ ہے جو آپ نے حبِ رسولؐ میں نذرانہئ عقیدت پیش کرتے ہوئے نعتیہ کلام کی صورت میں ہمارے سامنے رکھی ہے۔ 187 صفحات کی یہ مجلد کتاب عقیدت اور مؤدت کا بہترین نمونہ ہے، لکھتے ہیں:
سکون می د زڑگی دے پہ ما گران دے محمدؐ
دا زان می تری قربان شہ زما زان دے محمدؐ
آپ کے نثری جھولے میں ”پہ توروالئی کے د پختو اثرات“ تحقیق کی مد میں اِک مستند حوالہ ہے۔ یہ بنیادی طور پر آپ کے ایم فل کا مقالہ ہے، لیکن حیرت ہوتی ہے کہ اِک غیر کوہستانی شخص بحرین (کوہستان) سے متعلقہ علاقائی زبان پر کس قدر ژرف نگہی سے کام کرتے ہوئے اس کے تہذیبی، لسانی اور ادبی ڈانڈے پشتو کے ساتھ منسلک کرتے چلے جاتے ہیں۔ 233 صفحات پر مشتمل ان کی اس کاوش کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔
آپ کا دوسرا نثری پڑاؤ ”توکلی لاڑی“ نامی افسانوی مجموعہ ہے۔ اس کتاب میں پندرہ مختصر افسانچے ہیں۔ ان کے موضوعات ہمارے ارد گرد موجود ہیں۔ ان کہانیوں میں زیادہ تر اصلاحی پہلونمایاں ہیں۔ آپ سماج کے ان قابلِ اصلاح پہلوؤں کو اپنے افسانوں کا موضوع بناتے ہیں جنہیں ہم پشتون غیرت، پختو یا دیگر وجوہات کی وجہ سے درخورِ اعتنا نہیں سمجھتے۔ ان میں عورتوں کی تعلیم، طلاق کے مسائل، انا، غیرت، جہالت اور دشمنی کی اس نوع کے سماجی مسائل پہ لکھی گئی کہانیاں ہیں جو انہوں نے اپنے ارد گرد سے اکٹھی کی ہیں، جن کا مقصد اصلاحِ معاشرہ کے سوا کچھ نہیں۔ ان کے افسانے بھی ان کی شاعری کی طرح روایت سے جڑے ہوئے ہیں، جس طرح آپ شاعری میں رومانوی تحریک سے متاثر دکھائی دیتے ہیں اسی طرح افسانوں میں بھی آپ کا رومانوی اندازِ بیاں بڑا دلکش اور نشاط انگیز ہے۔ ہر ہر ورق میں انسان اِک خوشگوار حیرت سے دوچار ہوتا رہتاہے، اور کہیں کہیں چمک دار جملے قاری کو ورطہئ حیرت ہی میں ڈال دیتے ہیں۔ گو کہ پشتو افسانہ اپنی سنچری پوری کرنے کے باوجود بھی ابھی اس معیار پر پورا نہیں اترا جس پہ تسلی بخش سانس لیا جاسکے، لیکن پھر بھی ہم ان کی اس کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ زخمیؔ صاحب کے افسانوں کا اندازِ بیاں سادہ، رواں اور بیانیہ ہے۔ ان میں کوئی ہیر پھیر نہیں۔ ان میں منظر کشی بھی نہیں اور نہ متوازی کہانیوں کا بوجھل پن ہی ان میں موجود ہے۔ بس اِک رواں اندازہے، جس میں کہانی پن کا سسپنس اور وحدتِ تاثر کا کمال بدرجہ اتم موجود ہے، جو کسی بھی افسانے کے لیے لازم خیال کیے جاتے ہیں۔
یوں تو کتاب ہذا کے پندرہ افسانے اپنی جداگانہ دھج رکھتے ہیں لیکن مجھے ان میں ”ھغہ د کوم کلی وہ“ بہت پسند آیا، جس میں حقیقت نگاری بھی ہے، پیغام بھی اور ہماری روایات سے جڑی جزئیات نے اس افسانے کو چار چاند لگادیے ہیں۔ اس کے علاوہ ”غنچہ“، ”آخری خط“ اور ”موچی خان“ بھی اچھے افسانے ہیں۔ جہاں تک میں نے محسوس کیا ہے، پروفیسربہرام زخمیؔ کے ادبی سرمایے میں مقصد بھی ہے اور فن بھی، ادب کی چاشنی بھی ہے اور عمل کی تلقین بھی اور سب سے بڑھ کر جس ادبی پیرائے اور رومانوی فضا میں اسے تخلیق کیا گیا ہے، داد کے قابل ہے۔ دعا ہے کہ آپ کا قلم یوں ہی اپنی جلوہ تابانیاں بکھیر تارہے اور آپ پشتو ادبیات کو اسی طرح کی سوغاتیں دیتے رہیں۔ آپ ہی کا شعر ہے کہ:
مینہ درتہ یاد کڑم کہ غمونہ درتہ اوژاڑم
خوگہ اشنا وایا کہ دردونہ درتہ اوژاڑم

اشتہار / Advertisement
اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

★ ★ ★ ★ ★
اوسط ریٹنگ: ⭐ 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔