حضرت علیکالم

سی این جی سٹیشن کے مالکان کی خدمت میں

گذشتہ شب جمعہ کو رات آٹھ بجے کے قریب سخت سردی میں رحیم آباد روڈ پر سوزوکی اور رکشہ ڈرائیورز سی این جی سٹیشن انتظامیہ کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ سی این جی بھروانے پر رات 9 بجے تک پابندی ہے۔ اس کے باوجود سی این جی سٹیشن والے پرائیویٹ گاڑیوں میں بلاتعطل سی این جی بھرواتے ہیں، لیکن جب سوزوکی اور رکشہ ڈرائیورز تقاضا کرتے ہیں، تو کہا جاتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے رات 9 بجے تک عام گاڑیوں میں سی این جی بھروانے پر پابندی ہے۔ ڈرائیورز کے مطابق جب ہم احتجاج کرتے ہیں، تو کہا جاتا ہے کہ مذکورہ پرائیویٹ گاڑیوں کے پاس انتظامیہ کی طرف سے دی گئی پرچیاں ہوتی ہیں۔ اس لیے انہیں گیس بھروائی جاتی ہے۔ بعض ڈرائیورز یہ بھی کہتے ہیں کہ پچاس روپے رشوت کے عوض بھی کام ہوسکتا ہے۔
قارئین، اب آپ خود اندازہ لگالیں کہ کچھ لوگ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی باری کے انتظار میں سخت سردی میں گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں، اور دوسری طرف رشوت یا ضلعی انتظامیہ کی پرچی کی وجہ سے منٹوں میں فارغ ہوجاتے ہیں۔
قارئین، مَیں نے ایک رکشہ ڈرائیور سے کہا کہ آپ لوگ سی این جی سٹیشن مالک سے شکایت کیوں نہیں کرتے، تو جواب ملا کہ وہ بہت اچھا بندہ ہے۔ شکایت کیسے کی جائے، وہ تو آج شبِ جمعہ کے لیے گئے ہیں۔ یہ سن کر مَیں دل میں سوچ رہاتھا کہ جناب سارے عالم کی خیرخواہی کے لیے اللہ کے راستے میں رات گزارنے چلے گئے ہیں اور یہاں ان کے سٹیشن میں کام کرنے والے مخلوقِ خدا کو تنگ کرنے کے طریقے ایجاد کر رہے ہیں۔
قارئین، سنا ہے کہ آدھی رات کو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی حاضری لیتا ہے کہ اس کے بندوں میں کون کون ہے جو اس کی عبادت میں مشغول ہے؟ وہ اپنے بندوں کو آواز دیتا ہے کہ ہے کوئی ضرورت مند، جو مجھ سے مانگے اور میں اس کی ضرورت پوری کروں؟ پھر کہتا ہے کہ ہے کوئی گنہگار جو مجھ سے معافی مانگے اور میں اسے بخش دوں؟ ایسے میں سوچیں، اگر کسی ڈرائیور کے دل سے آہ نکلی، تو اس کا نتیجہ کیا ہوگا؟
لہٰذا ان سطور کے ذریعے تمام سی این جی سٹیشن مالکان کے لیے عرض ہے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے۔ اس لیے اللہ سے ڈریے اور اس کے بندوں پر رحم کریں۔ ساتھ ہی انتظامیہ والوں سے درخواست ہے کہ اپنے منظورِ نظر افراد کو سفارشی پرچیاں تھماتے وقت یہ ضرور سوچیں کہ غریب ڈرائیورز کے دل سے نکلنے والی آہ کہیں آپ کے گلے نہ پڑ جائے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں